سوات (زمونگ سوات آن لائن نیوز) ضلع سوات میں حکام کے مطابق نامعلوم افراد کے حملے میں ویلج ڈیفنس کمیٹی کے چئرمین جاں بحق ہوگئے ہے۔
کانجو پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او رحیم خان نے میڈیا کو بتایا کہ واقع پیر کے روز تحصیل کبل کے علاقے برہ بانڈی میں پیش آیا ہے۔
ان کے بقول حملے میں ایک پولیس اہلکار بخت بیدار بھی جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ ایک اہلکار بلال زخمی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اور زخمی پولیس اہلکارکو ہسپتال منتقل کردیاگیاہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو محاصرے میں لیکر واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
علاقے کے مقامی شخص رحم غنی نے بتایا کہ علاقے میں کرفیو نافذ کردیاگیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے ان کے مطابق مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیاگیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ ہفتے قبل سوات کے مرکزی بازار مینگورہ شہر میں ڈی ایس پی شانگلہ محمد الیاس کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔ جس کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کے عہداداروں اور کارکنان نے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔
سوات قومی امن جرگہ کے سربراہ انعام الرحمان نے اس حوالے سے بی بی سی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے محمد خان ویلج ڈیفنس کمیٹی کے چیئرمین تھے ان کے مطابق ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ باعث تشویش ہے جس سے علاقے میں خوف کی فضا ہے۔
خیال رہے کہ سوات سے طالبان کے بے دخلی اور امن کے قیام کے بعد وقتاً فوقتاً مختلف علاقوں میں طالبان مخالف امن کمیٹیوں کے ممبران اور پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کرکے ہلاک کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک اندازے کے مطابق خیبر پختونخوا میں امن کمیٹیوں اور قومی لشکروں کے رضاکاروں پر ہونے والے حملوں میں اب تک 600 کے قریب لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔




ایک تبصرہ شامل کریں…
0 Likes
3838 مناظر