ملاکنڈ ( زمونگ سوات ڈاٹ کام) طلباء اور طالبات پاکستان کا عظیم ترین سرمایہ ہیں۔ملکی ترقی ،سلامتی اوربقا میں ان کا کردار سب سے اہم ہے۔ان خیالات کا اظہارجنرل آفیسر کمانڈنگ مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل آصف غفورنے یونیورسٹی آف مالاکنڈ (لوئیر دیر) کے دورے کے دوران کیا جہاں انہوں نے اساتذہ ، طلباء کے ساتھ براہ راست ملاقات کی ۔تفصیلات کے مطابق جنرل آفیسر کمانڈنگ مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل آصف غفورنے یونیورسٹی آف مالاکنڈ (لوئیر دیر) اورشہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شرنگل (اپر دیر )کا دورہ کیا اور یونیورسٹیوں کے کنوکیشن ہالزمیں طلباء اور طالبات کے اجتماعات سے خطاب بھی کیا۔ جس میں یونیورسٹیوں کے رجسٹراراوربریگیڈ کمانڈرزکے علاوہ اساتذہ ، طلباء اور طالبات کی کیثر تعدادنے شرکت کی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل آصف غفور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء اور طالبات ملک کا مستقبل ہیں ، اگر طلباء اور طالبات مضبوط ہونگے تو پاکستان مضبوط ہوگا۔قومی سلامتی ایک اجتماعی ذمہ داری ہے جس میں طلباء اور طالبات کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔جی او سی نے مزید کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن کے طلباء ،طالبات اور اساتذہ نے اچھے مسلمان اور اچھے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا ہے اور قلم کی طاقت سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے۔ جی اوسی نے تعلیم نسواں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم نسواں کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن کی عوام ہر مشکل اور کٹھن مرحلے میں پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ۔ اس موقع پر جی او سی نے طلباء اور طالبات کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیئے اور بعد ازاں طلباء اور طالبات میں گھل مل گئے ۔ یونیورسٹیوں کے طلباء ،طالبات اوراساتذہ نے جی او سی کا شکریہ ادا کیا اورمالاکنڈ ڈویژن میں قیام امن کیلئے پاک فوج کی بے مثال قربانیوں کو سراہا۔




ایک تبصرہ شامل کریں…
0 Likes
754 مناظر