اسلام آباد(زمونگ سوات ڈاٹ کام) نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پروگرام کے میزبان نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے سوال کیا کہ آپ کی سابق اہلیہ ریحام خان آپ پر تابڑ توڑ حملے کر رہی ہیں اور کچھ ٹی وی چینلز ان خبروں کو مسلسل چلا رہے ہیں اور اس میں آپ کی ذاتی زندگی کو بار بار زیر بحث لا رہے ہیں تو اس میں آپ کا کیا موقف ہے اور کیا یہ تمام الزامات درست ہیں؟ میزبان کے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ مجھے بتائیں کہ میری ذاتی زندگی کے بارے میں خبریں کیا کوئی قومی مسئلہ ہے؟ یا اس سے کوئی قومی سلامتی لیک ہو گئی ہے؟ عمران خان نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کی ذاتی زندگی کے بارے میں کوئی بات نہیں کی ، اگر کی ہے تو لا کر دکھائیں ۔ ریکارڈ پر ہے کہ میں ہمیشہ ذاتی زندگیوں پر گفتگو سے اجتناب کرتا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ کبھی کسی نے نواز شریف، شہباز شریف یا کسی اور کی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کی ہے؟ ان کی ذاتی زندگی میں کئی چیزیں رہی ہیں لیکن کبھی کسی نے بات نہیں کی ۔ آپ کوئی ایک ثبوت دکھا دیں کہ ہم نے کبھی کسی کی ذاتی زندگی پر کیچڑ اچھالنے کی کوئی بات کی ہو؟ عمران خان نے کہا کہ ذاتی زندگی انتہائی الگ ہوتی ہے۔ اگر چینلز میں جرات ہے تو کبھی نواز شریف، شہباز شریف یا کسی اور کی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کر کے دکھائیں ، یہ سب میرے پیچھے ہی پڑے ہوئے ہیں اور یہ ایک پلاننگ کے تحت ہو رہا ہے۔ میں نے تو ریحام سے علیحدگی کے بعد آج تک اس کے بارے میں ایک جملہ بھی نہیں کہا۔




ایک تبصرہ شامل کریں…
0 Likes
960 مناظر