اسلام آباد (زمونگ سوات آن لائن نیوز)پانامہ لیکس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا ۔شیخ رشید نے دوران سماعت کہا کہ آج قطر سے دستاویزات آئیں ہیں کل مہاتما گاندھی کی طرف سے آجائے گی جسکی تصدیق مودی نے کی ہو۔ جس پر چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ لائر ہیں یا لائیر ہیں؟ آپ سیاست کے بجائے وکالت کرتے تو آپ ایک اچھے وکیل ہوتے میرا مشورہ ہے کہ آپ سیاست چھوڑ کر وکالت اختیار کرلیں جس پر شیخ رشید نے آپ کی تجویز پر غور کروں گا۔
دوسری جانب پانامہ لیکس معاملے پر وزیر اعظم کے بچوں کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت کو بتایا کہ حسن اور حسین نواز پاکستان میں مقیم نہیں، مریم نواز کی جانب سے دستاویزات جمع کروا دی ہیں، وہ اپنے موکلین کی ایک دستاویز کے علاوہ تمام دستاویزات جمع کرارہے ہیں۔ اکرم شیخ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ پاکستان سے کوئی پیسہ باہر نہیں گیا ، میاں شریف کے70کی دہائی میں صنعتی 6 یونٹ تھے، جن میں سے 5 یونٹ قومیالیے گئے ، گلف اسٹیل دبئی کے امیر راشد المکتوم کی مدد سے لگائی گئی، 1980 میں پہلے 75 فیصد پھر 25 فیصد حصص بیچے گئے۔اکرم شیخ نے استدعا کی کہ وہ قطر کے سربراہ کی دستاویز عدالت کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں، اس لیے بعض دستاویزات صرف عدالت کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔ جس پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اکرم شیخ سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو اس دستاویز کی حساسیت کا پتا ہے، جو دستاویزات آپ نے دی ہیں وہ وزیراعظم کے پارلیمنٹ میں بیان کے برعکس ہیں، وزیر اعظم کے عوامی موقف میں اور آپ کے بیان میں فرق ہے، وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں کہا تھا جو بچا کچا سرمایہ تھا اس سے دبئی میں مل لگائی، دبئی والی مل فروخت کرکے عزیزیہ میں مل لگائی گئی، کیا قطر کے سابق وزیراعظم گواہی کیلئے عدالت آئیں گے۔ اگر یہ جمع کرائی گئیں تودوسرا فریق چاہے گا کہ وہ بھی اس کا مطالعہ کرے۔ اس کا مطلب یہ لیا جائے کہ آپ کے پاس اس کے علاوہ بتانے کوکچھ نہیں۔




ایک تبصرہ شامل کریں…
0 Likes
784 مناظر