دگلگلت بلتستان (زمونگ سوات آن لائن نیوز)پاکستان کے سرکاری بینک نیشنل بینک آف پاکستان نے پاک چین سرحد پر واقعے گلگت بلتستان کے علاقےخنجراب پر دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم مشین نصب کردی ہے۔
جمعہ کو خنجراب کے زیرو پوائینٹ پر دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم مشین کا باقاعدہ افتتاح گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان نے کیا اس موقع پر نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔
یہ اے ٹی ایم مشین سطح سمندر سے 4600 میٹر یعنی 15000 سے زائد فٹ کی بلندی پر لگائی گئی ہے جس کا مقصد ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے علاوہ مقامی لوگوں اور پاکستان سے چین جانے والے تاجروں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔
پاکستان کے قومی بینک نے دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم مشین لگا کر بینکنگ کی دنیا میں بھی نیا ریکارڈ بنایا ہے۔
گلگت بلتستان کے صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے اس حوالے سے بی بی سی کو بتایا کہ گلگت بلتستان میں بلند ترین مقام پر دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم کی تنصیب کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کہ یہ وہ پاس ہے جو پاکستان کو چین سے ملاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں سیاح اسی ٹاپ کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں اور چین جانے والے تاجروں کی بھی یہی گزر گاہ ہے اس لیے یہ اے ٹی ایم ان لوگوں کے لیے نہایت مددگار ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم کا اعزاز بھارت کو حاصل تھا جہاں ریاست سکم میں یو ٹی آئی بینک نے 14300 فٹ کی بلندی پر اے ٹی ایم مشین نصب کی تھی، بھارتی ریاست سکم کی سرحد بھی چین سے ملتی ہے۔




ایک تبصرہ شامل کریں…
0 Likes
1488 مناظر