سوات ، لیوی فورس کے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیر الاسلام شاہ




سوات (زمونگ سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام شاہ نے کہا ہے کہ تما م سول و ملٹری فورسز کی طرح لیوی فورس بھی عوام کے جان ،مال اور عزت و آبروکی حفاظت کے اہم فریضہ پر مامورہے اور لیوی کے غیرت مند ، ایماندار، پاکباز اور قومی امنگوں سے سرشار جوان پاکستان کی دیگر فورسز کی طرح عزت ، اکرام اور مراعات کے حقدار ہیں ۔ انھوں نے خوش خبری سنائی کہ لیوی فورس کی نظر اندازی کے دن گزر چکے ہیں اور اب لیویز ایک جدید ترین فورس بن کر رہے گی ۔ وہ پیر کے روز لیویز لائینز سدوشریف سوات میں لیوی دربار سے خطاب کر رہے تھے جس میں 25جوانوں کو لانس نائیک کے رینک لگائے گئے ۔ دربار میں ڈی سی سوات عامر آفاق اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز نے شرکت کی ۔کمشنر نے اپنے تقریر میں لیویز اور سو ل فورسز کے قیام اور تاریخ پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور خوش خبری سنائی کہ عنقریب لیویز فورس کو وفاقی اور صوبائی سطح پر ایک جدید ، منظم اور تربیت یافتہ فورس کا درجہ حاصل ہوگا اور اس میں ایک جدید فورس کیلئے ضروری تمام افسران کے عہدے قائم کئے جائیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ 50افراد پر مشتمل جدید دستہ ایلیٹ فورس کے طور پر سوات لیویز سے منتخب کرکے خصوصی ایس ایس جی تربیت کیلئے بھیجا جائے گاجو مالاکنڈ کے دیگر اضلاع کے لیویز کی قیادت کرے گا اور تمام اضلاع کی لیویز کو بھی ان خطوط پر ترقی دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ یونیفارم ،تنخواہ، راشن اور دیگر کے لحاظ سے لیویز ایک جدید فورس بنے گی۔تقریب سے ڈی سی عامر آفاق نے بھی خطاب کیا ۔ آخر میں 25جوانوں کو رینک لگائے گئے ۔




ایک تبصرہ شامل کریں…
0 Likes
41 مناظر