ایٹمی دھاکے کر نے والے شخص پر بھارت فنڈز منتقلی کا الزام لگانا مناسب نہیں ٗمسلم لیگ (ن)




اسلام آباد (زمونگ سوات ڈاٹ کام)پاکستان مسلم لیگ (ن)نے کہا ہے کہ ایٹمی دھاکے کر نے والے شخص پر بھارت فنڈز منتقلی کا الزام لگانا مناسب نہیں ٗ چیئرمین نیب کا بیان نیب کے اپنے طریقہ کار اور ضابطہ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے بندرگاہیں و جہاز رانی چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ اہم عہدوں پر فائز لوگوں کو مفروضوں پر بیانات دینا زیب نہیں دیتا۔ بھارت فنڈز منتقلی کا الزام بھی ایسے شخص پر لگانا نامناسب ہے جس نے ملک کو بھارت کے مقابلے میں ایٹمی دھماکے کرکے ایٹمی قوت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف تین مرتبہ اس ملک کے وزیراعظم رہے اور ایک پارٹی کے سربراہ رہے محض مفروضے کی بنیاد پر اتنا بڑا الزام عائد کردیا گیا یہ اس منصب کی بھی توہین ہے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے کابینہ ڈویژن راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ ایک دشمن ملک کو رقم کی منتقلی کے حوالے سے بلا تحقیق کے اتنا بڑا الزام عائد کردیا گیا جس سے ان کی جانبداری بھی جھلک رہی ہے اور نیب کے اپنے ضابطہ کی بھی سنگین خلاف ورزی نظر آرہی ہے۔ ملک میں ایسے لیڈر بھی موجود ہیں جو سر سے پاؤں تک کرپشن میں ملوث ہیں لیکن ان کے کیس الماریوں میں بند ہو چکے ہیں اور ان پر گرد پڑی ہوئی ہے جبکہ نواز شریف پر سطحی الزامات لگا کر بدنام کیا جارہا ہے اور جب کچھ نہیں بن پڑا تو اب بھارت فنڈز منتقل کرنے کا سنگین الزام بغیر تحقیق کے عائد کردیا گیا ہے۔




ایک تبصرہ شامل کریں…
0 Likes
18 مناظر