پشاور (زمونگ سوات ڈاٹ کام )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی میں وکلاء برادری کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ صوبائی حکومت نظام کی اصلاح اور تبدیلی کیلئے قانونی ماہرین کی تجاویز کا خیر مقدم کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں کوہاٹ بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی اور ایم این اے کوہاٹ شہر یا ر آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کریں گے وزیراعلیٰ نے وکلاء برادری پر زور دیا کہ وہ نظام کی اصلاح میں اپنا کردار ادا کریں اور قانونی محاذ پر صوبائی حکومت کا ساتھ دیں انہوں نے کہاکہ نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے صرف حکومتی اقدامات کافی نہیں بلکہ سب کو مل کر کام کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ کہ وکلاء اخلاقی اقدامات کی نشاندہی کریں اور بہتری کیلئے اپنی تجاویز دیں وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت اور سابقہ حکومتوں میں بہت فرق ہے کیونکہ یہ حکومت تبدیلی کے یک نکاتی ایجنڈے کے تحت ہی برسر اقتدار آئی ہے انہوں نے کہاکہ یہ واحد حکومت ہے جواخلا ص کے ساتھ اپنے منشور کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اداروں کو بااختیار بنا دیا ہے اور سیاسی مداخلت ختم کردی ہے انہوں نے کہاکہ اب منتخب عوامی نمائندوں پر منحصر ہے کہ وہ حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو کس حد تک نتیجہ خیز بناتے ہیں پرویز خٹک نے کہاکہ جہاں عوامی نمائندے اپنی ذمہ داری ادا کررہے ہیں وہاں عوام ضرور تبدیلی محسوس کریں گے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کوہاٹ بار ایسوسی ایشن کے مطالبات کو معقول قرار دیتے ہوئے کہاکہ کوہاٹ جوڈیشل کمپلیکس کی منظوری پہلے ہی دی جاچکی ہے اور وکلاء کی جانب سے مناسب جگہ کے تعین کے بعد اس کی تعمیر شروع کر دی جائے گی اسی طرح انہوں نے کوہاٹ میں پشاور ہائی کورٹ کے سرکٹ بینچ کے قیام کیلئے حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا مزید برآں وزیراعلیٰ نے کوہاٹ بار روم کی توسیع و آرائش، خواتین کے لئے علیحدہ بار روم، فرنیچر کی فراہمی اور فلٹریشن پلانٹ سمیت دیگر مطالبات کو منظور کرتے ہوئے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے کوہاٹ بار کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا ۔ وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی اور ایم این شہر یار آفریدی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اداروں کی اصلاح کے لئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی کاؤشوں کو سراہا۔
Discussion about this post