(زمونگ سوات ڈاٹ کام)خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے معاؤن خصوصی سردار سورن سنگھ کی آخری رسومات بونیر کے علاقے پاچا کلے کے شمشان گھاٹ میں ادا کردی گئیں، آخری رسومات میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ، سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر ، وزیر اطلاعات مشتاق غنی ، صوبائی وزراء حبیب الرحمان ، عبدالمنعیم،ڈاکٹر امجد علی، شکیل خان، ممبر صوبائی اسمبلی مفتی فضل غفور ، ممبر قومی اسمبلی شیر اکبر خان ، ناظمی اعلیٰ ڈاکٹر عبیداللہ ،نائب ناظم یوسف علی، اپوزیشن لیڈر حاجی صدیق اللہ،کمشنر و ڈی آئی جی ملاکنڈ ،پی ٹی آئی کے سابق صوبائی صدر فضل محمد خان سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اورصوبے بھر کے اقلیتی کمیونٹی کے رہنماؤں اور کثیر تعداد میں معززین و اہلیان علاقہ نے شرکت کی ۔آخری رسومات کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس سمیت سیکیورٹی اہلکار کسی قسم کے ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پور ی طرح الر ٹ تھے ، پاچا کلے کی تمام بازاریں اس موقع پر بنداور فضا سوگوار رہی ، آخری رسومات کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا مرحوم سورن سنگھ کی رہائش پر گئے جہاں پر انہوں نے غمزدہ خاندان سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سردار سورن سنگھ ہمارے ایک مخلص ساتھی تھے جس سے ظالموں نے ہمیں محروم کردیا ، انہوں نے کہا کہ بزدل عناصر ایسی کارروائیوں سے ہمیں اپنے کام سے روک نہیں سکتے ، بونیر کی ترقی کے لئے مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جبکہ ہم بھی ان کے ادھورے مشن کو ہر حال میں مکمل کرنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے بونیر پولیس کی کارروائی لائق تحسین ہے ۔ اور بہت جلد ملزمان کو گرفتا رکیا جائے گا۔ اس موقع پر سکھ اور اقلیتی کمیونٹی سمیت مقامی لوگوں نے بہیمانہ واقعہ کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں مظاہرین نے کتبے اُٹھاکر ملزمان کی گرفتاری اور انہیں سزائیں دینے کا مطالبہ کیا
Discussion about this post