اسلام آباد(زمونگ سوات آن لائن نیوز): پاکستان تحریک انصاف کے 20 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایف نائن پارک میں جلسہ منعقد کیا گیا۔ جلسے میں کچھ نوجوانوں نے خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کیا جس پر پی ٹی آئی کی خاتون ایڈوائزر عظمیٰ کاردار نے پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کو ایک مذمتی خط لکھ دیا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا کہ خواتین سے بدسلوکی کرنے والے ن کے نہیں بلکہ ہمارے اپنے کارکنان تھے۔
عظمیٰ کاردار نے خط میں لکھا کہ جلسے میں ناقص انتظامات کے باعث ایسی صورتحال پیدا ہوئی۔ اور اس صورتحال کا ذمہ دار کوئی اور نہیں بلکہ جلسے کی انتظامیہ خود ہے ، انہوں نے خط میں کہا کہ ایسے واقعات پہلی مرتبہ پیش نہیں آئے بلکہ خواتین سے بدسلوکی کے واقعات پہلے بھی پیش آتے رہے ہیں۔ خط میں کہا گیا کہ کوئی ایکشن لینے اور انتظامات بہتر کرنے کی بجائے پارٹی کی قیادت تصویر بنوانے میں مصروف تھی۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ جلسے میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور اس واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ خواتین سے بد سلوکی کی خبریں منظر عام پر آںے کے بعد پارٹی چئیر مین عمران خان نے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا اور ملزمان کا پتہ لگانے کے احکامات جاری کیے تھے۔
Discussion about this post