استنبول(زمونگ سوات آن لائن نیوز)امریکا نے ترکی میں اپنے شہریوں کودہشت گردی کے خطرے سے خبردار کیا ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جاری کیے جانے والے انتباہ میں ملک میں سیاحتی علاقوں میں حالیہ کاررائیوں کو بنیاد بنایا گیا ۔رواں سال ترکی میں اب تک 4 خودکش دھماکے ہو چکے ہیں جن میں آخری کارروائی گزشتہ ماہ استنبول میں کی گئی تھی۔ان دھماکوں میں سے دو کی ذمہ داری داعش تنظیم نے قبول کی تھی جب کہ دیگر دو حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کرد جنگجوؤں کی جانب سے ہوا تھا۔انقرہ میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے ای میل کے ذریعے امریکی شہریوں کے لیے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کو مسلسل ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ دہشت گرد گروپ پورے ترکی میں مشہور سیاحتی مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے مواقع کی تلاش میں ہیں۔امریکی سفارت خانے نے اپنے ہنگامی پیغام میں مزید کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں ترکی میں واضح طور پر غیرملکی سیاحوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
Discussion about this post