مینگورہ(زمونگ سوات ڈاٹ کام)جمعیت علماء اسلام کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سابق سنیٹر راحت حسین نے کہاہے کہ جے یوآئی ایک دینی اورسیاسی جماعت ہے جو ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہدکررہی ہے جبکہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کیلئے بھی کوشاں ہے کیونکہ پاکستان ہمارا ملک ،ہماری پہچان اور شناخت ہے جس کی تعمیر وترقی اور تحفظ کیلئے کام کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری بنتی ہے،ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز سوات پریس کلب میں جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر سابق صوبائی وزیرقاری محموداور جنرل سیکرٹری محمداسحاق زاہد کے ہمرا ہ میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر قاری حمیدالرحمان،شاہی نواب ،مولانا رحیم اللہ،اعجازخان اوردیگر بھی موجود تھے،انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ جمعیت علماء اسلام نے اس ملک کی خاطر بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی قربانیاں دے گی ،پاکستان کے قیام میں اور آئین مرتب کرنے میں بھی جے یو آئی نے بھر پورکرداراداکیا ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ 73کے آئین کو عملی شکل میں نافذکیا جائے اوراس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے،انہوں نے کہاکہ سوات اورملاکنڈڈویژن اس وقت مختلف قسم کے مسائل کا شکارہیں جبکہ یہ علاقہ کافی سخت حالات سے بھی گزراہے جس کے سبب عوام میں مایوسی اور محرومی پائی جاتی ہے جس کے خاتمہ کیلئے جے یو آئی نے سوات میں یکم مئی کو ایک جلسہ عام کا اہتمام کیا ہے جس سے مولانا فضل رحمان،اکرم خان درانی اور مولانا گل نصیب خان سمیت دیگر قائدین بھی خطاب کریں گے اور اس اجتماع میں ہزاروں گاڑیوں کے قافلے آئیں گے اورتوقع ہے کہ اجتماع میں ایک لاکھ سے زائد لوگ شرکت کریں گے ،انہوں نے کہاکہ یکم مئی کا اجتماع کسٹم ایکٹ سمیت دیگر مسائل کے خاتمہ کیلئے معاؤن ثابت ہوگا ،انہوں نے کہاکہ مرکزی اورصوبائی حکومت کسٹم ایکٹ کے نفاذکے ذریعے یہاں کے عوام کے منہ سے نوالہ چھینناچاہتی ہے مگر جے یو آئی اس طرح کے اقدامات کی اجازت کسی کو بھی نہیں دے گی،انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کوجن لوگوں نے سامنے لایا انہیں چاہئے کہ ثبوت بھی سامنے لائیں کیونکہ الزام لگانے آسان ہے مگر اسے ثابت کرنا مشکل ہے ،قائم کرداہ کمیشن کو بھی پانامہ لیکس کے بارے میں تحقیقات کرنے چاہئے،آخر میں انہوں نے سوات پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئے عہدیداراپنے تمام ممبروں سمیت قلم کے ذریعے ملک وقوم کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور عوام کی آواز کو ایوانوں تک پہنچانے میں بھی کرداراداکریں گے۔
Discussion about this post