لاہور(زمونگ سوات آن لائن نیوز): وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت لاہور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس گورنر ہاؤس پنجاب میں منعقد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سمیت وفاقی وزرا، اراکین قومی صوبائی اسمبلی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جہاں میگا پراجیکٹس ضروری ہیں وہیں بنیادی سہولیات پر بھی بھر پور توجہ دی جانی چاہئیے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ہدایت کی کہ تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اقتدار حقیقی معنوں میں مقامی سطح پر منتقل کر کے عوامی مسائل ان کے حلقوں میں حل کیے جائیں۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ منفی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے۔ عوام انتشار پھیلانے والوں کو ہر سطح اور ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں۔ نواز شریف نے ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ ہر صورت میں مئی میں مکمل کیا جائے، اجلاس میں انہوں نے کہا کہ منشور اور وعدوں کے مطابق ہر حال میں دو سال میں لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیاجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی ترقی کا راستہ ہی ملک کی خوشحالی کا راستہ ہے۔ بجلی ، گیس اور انفرا اسٹرکچر کے جاری منصوبوں کو بھی 2018ء تک ہر حال میں مکمل کیا جائے۔
Discussion about this post