سوات ( زمونگ سوات ڈاٹ کام)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ مخالفین بات بات پر سڑکوں پر آنے کی دھمکی دیتے ہیں ہم کہتے ہیں کہ سڑکیں ہونگی تو سڑکوں پہ آؤگے ‘ کوئی بات نہیں سڑکیں ہم بنائینگے ‘ ہم سڑکیں بناتے جائیں گے تم سڑکوں پہ آتے جاؤ‘ یہ اپنے اپنے مقدر کی بات ہے کوئی سڑکیں بنا رہاہے تو کوئی سڑکوں پہ آنے کی باتیں کررہاہے ‘ تبدیلی لانے کے دعوے کرنیو الے تبدیلی نہیں لائے ‘ کوئی بات نہیں تبدیلی ہم لائینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز مینگورہ سوات کے گراسی گراؤنڈمیں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار، مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر پیرصابر شاہ ، وزیراعظم کے مشیرامیرمقام،سرانجام خان ، ضلع سوات اور شانگلہ کے ناظمین ،ایم این ایز ،سینیٹرز اور دیگر پارٹی عہدیدار موجود تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ پہلے بھی سیدوشریف مینگورہ آتارہاہوں لیکن آج یہاں پر موجود عوام کے چہروں پر انوکھی چمک دمک دیکھ رہاہوں جس سے ثابت ہوتاہے کہ آپ جس جذبے کے ساتھ تبدیلی کے خواب دیکھ رہے تھے وہ نہیں آئی لیکن اب آئے گی اورآکررہے گی۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواکے عوام اگر تبدیلی کے دعوے کرنے والوں کے جھانسے میں نہ آتے تو تبدیلی واقعی آچکی ہوتی انہوں نے کہاکہ آج میں نے تبدیلی دیکھنے کیلئے ہیلی کاپٹرسے مینگورہ سوات کاجائزہ لیا پتہ چلاکہ وہی ٹوٹی پھوٹی پرانی سڑکیں اور ہسپتال ہیں انہوں نے کہاکہ عوام کا جذبہ دیکھ کر محسوس ہورہاہے کہ آپ آج 2013ء میں غلط فیصلے پر پچتارہے ہیں لیکن دائیں بائیں اورسامنے والوں سن لوکہ اب تبدیلی آئے گی سبق سیکھنے میں کچھ سال لگ گئے تو کوئی فرق نہیں پڑتاانہوں نے کہاکہ آج عمدہ تبدیلی کا پیش خیمہ دیکھ رہاہوں اور پاکستان اورخیبرپختونخواکی تقدیربدلنے والی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج میں نوازشریف کڈنی ہسپتال کا افتتاح کرنے آیاتھا جو کہ باہرممالک کی طرح ایک خوبصورت ہسپتال ہے اوریہ پنجاب کی طرف سے خیبرپختونخوا کیلئے تحفہ ہے اوراس کے لئے اسحاق ڈارمبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے ذاتی نگرانی میں اس کومکمل کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف بھی مبارکبادکے مستحق ہیں جنہوں نے اس کی تکمیل میں ذاتی دلچسپی لی اور مستقبل میں اسے مزید وسعت دی جائے گی۔انہوں نے اس منصوبے کیلئے عطیہ دینے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت کو عبادت سمجھتاہوں اس لئے جہان جہاں بھی گیا وہاں پر ترقیاتی منصوبوں کااعلان کیا اور اس پر عمل بھی کروائینگے۔ وزیراعظم نے سوات میں خواتین یونیورسٹی کے سب کیمپس اور نوجوانوں کیلئے ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے قیام ، تحصیل کبل اور تحصیل مٹہ میں 30کروڑروپے کی لاگت سے132کے وی گرڈسٹیشن کے قیام کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ 2018ء میں بجلی کی کمی ختم ہوجائے گی اورعوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات مل جائے گی انہوں نے گراسی گراؤنڈمیں ہاکی کے لئے آسٹروٹربچھانے کابھی اعلان کیا انہوں نے کہاکہ سیدوشریف ائرپورٹ کو دوبارہ فعال کیاجائے گا جہاں سے بہترین فلائٹس چلائی جائیں گی اور آنیوالے وقتوں میں یہاں سے بین الاقوامی پروازیں بھی شروع کی جائیں گی ۔وزیراعظم نے چکدرہ تاکالام 133کلومیٹر موٹروے کی طرز پر ایکسپریس وے کی تعمیر کابھی اعلان کیا جو دورویہ سڑک پر مشتمل ہوگی۔انہوں نے بشام تاخوازہ خیلہ سڑک بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ سی پیک منصوبے کے تحت بشام سے اس خطے کو ملایاجائیگا اور سی پیک کے ثمرات سے اس خطے کے عوام مستفیدہونگے۔انہوں نے کہاکہ سوات میں ترقی آتی ہے ،خوشحالی آتی ہے تو نوازشریف خوش ہوتا ہے آپ کی طرح میں بھی سیدوشریف سوات سے پیارکرتاہوں۔انہوں نے شانگلہ یونیورسٹی کیمپس کے قیام اور شانگلہ اور سوات ضلع کونسل کیلئے 20,20کروڑروپے کابھی اعلان کیا۔
Discussion about this post