مینگورہ(زمونگ سوات ڈاٹ کام)عوامی نیشنل پارٹی نے وزیراعظم نوازشریف،عمران خان اور وزیراعلیٰ صوبہ خیبر پختونخوا کے دورہ سوات کو ناکام،مایوس کن اور عوام کیساتھ کھلا مذاق قراردے دیا،اس حوالے سے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری وسابق صوبائی وزیرواجدعلی خان،صوبائی نائب صدر وسابق صوبائی وزیر محمدایوب خان اور قائمقام ضلعی صدرخواجہ محمد خان نے کہاکہ وزیر اعظم کے دورہ سے عوا م کی متعددامیدیں وابستہ تھیں اور خصوصاََ انہیں یہ امید تھی کی وزیر اعظم ملاکنڈڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے نفاذکے خاتمے کا اعلان کریں گے مگر وزیر اعظم نے نہ کسی میگا پراجیکٹ کا اعلان کیااور کسٹم ایکٹ پر خاموشی اختیار کی،انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے جن منصوبوں کااعلان کیا وہ اس سے قبل بھی ان منصوبوں کا اعلان کرچکے ہیں تاہم ان پر تاحال کام شروع نہیں ہوسکا،انہوں نے کہاکہ عمران خان نے بھی سوات جلسہ میں سوات کیلئے کسی قسم کا اعلان نہیں کیا بلکہ ڈرامہ بازی کرکے چلاگیا جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جس یونیورسٹی اورجوڈیشل کمپلکس کا افتتاح کیا وہ عوامی نیشنل پارٹی کے دور حکومت میں منظورہوچکے ہیں جبکہ ان کیلئے باقاعدہ فنڈ بھی جاری ہوا مگر پی ٹی آئی نے ہمارے منصوبوں پر اپنے ناموں کی تختیاں لگاکر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کی ہے،انہوں نے کہاکہ اے این پی کے دورحکومت میں ہزاروں مقامی لوگوں کو نوکریاں دیں،امن قائم کیا ،تعلیمی ادارے ،کالجزاوریونیورسٹی سمیت دیگر بڑے بڑے منصوبے مکمل کئے ،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم،وزیراعلیٰ اور عمران خان کے سوات کے دورے مکمل طورپر ناکام رہے ،تینوں لیڈروں نے عوام کا کھلا مذاق اڑایا ہے ،انہوں نے کہاکہ ملاکنڈڈویژن میں کسی بھی صورت کسٹم ایکٹ قبول نہیں کریں گے بلکہ اس کے خلاف آخری حد تک جائیں گے ،انہوں نے کہاکہ کسٹم ایکٹ کی سمری صوبائی حکومت نے مرکزکوبھیجی جسے یہاں پر نافذکردیاگیا مگر یہاں کے عوام اور سیاسی پارٹیاں سب کسٹم ایکٹ کیخلاف ہیں لہٰذہ کسٹم ایکٹ کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھیں گے،اس موقع پر اے این پی کے جنرل سیکرٹری وسابق رکن صوبائی اسمبلی رحمت علی خان،تحصیل ناظم اکرام خان،خلیل خان اور عبداللہ یوسفزئی سمیت کارکنوں کی ایک بڑی تعدادبھی موجود تھی۔
Discussion about this post