سوات ( زمونگ سوات ڈاٹ کام) تحصیل کبل کے علاقہ برہ بانڈئی میں شدت پسندوں کی اطلاع پر سرچ آپریشن کے دوران امن کمیٹی کے ارکان ، سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد شدت پسند جنگل میں فرار ہوگئے ۔ علاقہ کرفیوکے باعث لوگوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، سکیورٹی فورسز کو طلاع ملی تھی کہ برہ بانڈئی میں شدت پسند داخل ہوگئے ہیں جو آئندہ دو سے تین دنوں میں بڑی تخریب کاری کا منصوبہ رکھتے ہیں ، اس اطلاع پر سیکورٹی فورسز ، پولیس اور امن کمیٹی کے ممبران نے قریبی پہاڑی ڈیر کئی اور دو اور مقامات میں سرچ آپریشن شروع کیا جہاں ایک جگہ شدت پسندوں نے فورسز پر فائرنگ کی ۔ دونوں جانب فائرنگ کے تبادلے کے بعد شدت پسند ننگولئی کی جانب فرار ہوگئے ، سیکیورٹی فورسز اور امن کمیٹی کے ارکان نے ننگولئی میں اپنے ساتھیوں کو اطلاع دی جہاں پر بھی امن کمیٹی کے ارکان اور شد ت پسندوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد شکر درہ کے جنگل میں شدت پسند فرار ہوگئے ، ملزمان کی گرفتار ی کے لئے فورسز نے کانجو پل سے آگے تمام سڑکوں اور علاقوں میں غیر اعلانیہ کرفیونافذ کرکے کانجو پل کو ٹریفک کے لئے بند کردیا جس کی وجہ سے مینگورہ شہر میں دن بھر ٹریفک جام رہی ، تحصیل مٹہ جانے والے لوگوں نے فضاگٹ روڈ اور تحصیل مٹہ جانے والے لوگوں نے شموزئی روڈ پر سفرکیا ، سہ پہر کے وقت کانجو روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ، آخری اطلاعات تک شدت پسندوں کی گرفتاری کیلئے آپریشن جاری تھا ۔
Discussion about this post