کبل(زمونگ سوات ڈاٹ کام ) تحصیل کبل ناقص بیج کی فراہمی،گندم کی فصل شدید متاثر،پیداوار میں 90فیصد کمی،لاکھوں کا نقصان،گاؤں ٹیغک کے زمیندار و کسان محکمہ زراعت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ،حکومت سے امداد کی اپیل،زرعی دفاتر کے سامنے دھرنوں سمیت عدالت جانے کا اعلان تفصیلات کے مطابق اس سال گندم کی فصل کے لئے محکمہ زراعت نے کسانوں کو گندم کی بیج فراہم کردی تھی جس کے ناقص کوالٹی کی وجہ سے زمینداروں اور کسانوں کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا اس حوالے سے گذشتہ روز گاؤں ٹیغک کے ز مینداروں اور کسانوں نے باچا جان،موسی خان لالہ،امیر خچن خان،ودان،ناصر،ودود،عجب خان،عبداللہ،تاج محمد خان،یعقوب ،عبد الغنی،موسن جمعدار اور دیگر کے قیادت میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے کہا کہ اس سال گندم کی فصل کے لئے محکمہ زراعت کے جانب سے مفت بیج فراہم کرنے کا اعلان ہوا تو علاقے کے کسانوں نے انتہائی سخت مراحل اور دفتری کارروائی سے گزرتے ہوئے 600روپے کے عوض بمشکل گندم کی بیج حاصل کی جس کے بعد اپنے استطاعت کے مطابق فصل پر ہزاروں روپے خرچ کئے لیکن محکمہ زراعت کے جانب سے فراہم کردہ بیج ناقص ہونے کی وجہ سے گندم کی فصل شدید متاثر ہوئی اور پیداوار میں 90فیصد تک کمی ہوئی جس سے زمینداروں اور کسانوں کو لاکھوں کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ پرائیویٹ کمپنیوں اور ذاتی بیج بونے والوں کی فصل معمول کے مطابق ہوئی انہوں نے کہا کہ علاقے کے غریب عوام کا انحصار صرف اور صرف زراعت پر ہے جبکہ گندم کی فصل لوگوں کے ضروریات زندگی پورا کرنے کا اہم ذریعہ ہے جس سے محروم ہوچکے ہیں لہذا صوبائی حکومت اور محکمہ زراعت سمیت ارباب اختیار نوٹس لے کر ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کے لئے کسانوں کے ساتھ مالی تعاون کریں تاکہ وہ بھی اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی فراہم کرسکے انہوں نے واضح کیا کہ امداد کے عدم فراہمی کی صورت میں وہ زرعی دفاتر کے سامنے دھرنوں سمیت انصاف کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہونگے ۔
Discussion about this post