ناظم یونین کونسل محمدیہ 225 پخہ غلام ملک محمد نواز کاانوکھااقدام ،کلاس فورکی تین آسامیاں قرعہ اندازی کے ذریعے پرکردیں ۔علاقہ ناظم کے اقدام پرعلاقہ ایم پی اے ناخوش جبکہ علاقہ عوام نے اسے ایمانداری اورسنت نبوی کے عین قراردیدیا۔
تفصیلات کے مطابق یونین کونسل محمدیہ 225 پخہ غلام کے ناظم ملک محمدنواز خان نے محکمہ ایجوکیشن کی پخہ غلام ہائی سکول میں خالی تین آسامیوں، چوکیدار، نائب قاصد اورلیبارٹری اسٹننٹ کی پوسٹوں کوپر کرنے کے لیے علاقہ کے عوام کوبذریعہ چارٹ وبینرز آگاء کیا اورجگہ جگہ چارٹ وبینرز آوازں کیں۔ جس پربہت بڑی تعداد میں جوانوں نے درخواستیں جمع کرائیں ۔ آسامیوں پرقرعہ اندازی کی پروقارتقریب گذشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول پخہ غلام میں عمل میں لائی گئی۔
اس موقع پرناظم کے علاوہ علاقہ کے عوام کثیرتعداد میں موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقہ ناظم نے کہاکہ ان تین پوسٹوں کے لیے ان پرکئی افراد نے دباوڈالا ، رشوت کی پیشکش کی تاہم میں نے ان پرواضع کیاکہ یہ تین پوسٹیں میرے حلقہ کے غریب عوام کے لیے ہیں اورجوبھی خوش قسمت ہوااسے ملازمت دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایاکہ علاقہ ایم پی اے ارباب جہانداد خان کوبھی آگاء کیا تھا تاہم وہ ہمارے فیصلے سے ناخوش تھے ہم نے اپنا اخلاقی فرض پوراکردیاہے اورعوام سے اپنا کیا ہوا وعد ہ بھی پوراکردیاہے جبکہ آئندہ بھی سب معاملات سے آپ لوگوں کوآگاہ کروں گا۔
اس موقع پرامام مسجد نے ناظم کی کاوشوں پران کوخراج تحسین پیش کیا اوراسے سنت عمل قراردیا اورکہاکہ حضورصلی اللہ علیہ والہ وسلم بھی ہمیشہ سفر پرجانے سے قبل اپنے ازواج مطہرات میں اس بی بی کوساتھ لے جاتے جس کانام قرعہ اندازی میں نکلتاتھا۔ بعدازاں قرعہ انداز ی کے ذریعے تین خوش قسمت افراد کے نام نکالے گئے۔ خوش قسمت افراد میں محمداسلم ولد مظفر خان نائب قاصد، حسین خان ولد سیف اللہ چوکیدارجبکہ غلام فرید ولد فتح خان لیب اسنٹنٹ کی پوسٹ کے لیے شامل تھے۔ ناظم ملک محمدنواز اورعلاقہ کے عوام نے تمام منتخب افراد کو مبارکباد دی ۔
Discussion about this post