کراچی(زمونگ سوات آن لائن نیوز):پاکستان کے معروف اور عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کی نماز جنازہ ادا کرنے نے بعد انہیں سپرد خاک کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق امجد صابری کی نماز جنازہ لیاقت آباد میں ارم بیکری کے سامنے لیاقت آباد نمبر4 مرکزی شاہراہ پر فرقانیہ مسجد میں ادا کی گئی۔ امجد صابری کی نماز جنازہ پاک پتن شریف کے سجاد ہ نشین درگاہ بابا فرید گنج شکراحمد دیوان مسعود چشتی نے پڑھائی ۔
امجد صابری کی نماز جنازہ میں ان کے اہل خانہ ،مداحوں ، فنکاروں ، سیاستدانوں، دوست احباب، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں اور قریبی عزیزوں سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ لحد میں اُتارنے سے قبل مزار کے احاطے میں موجود لوگوں کو ان کا آخری دیدار بھی کروایا گیا۔ امجد صابری کو پاپوش نگر میں ان کے والد غلام فرید صابری اور چچا مقبول احمد صابری کے پہلو میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔ یاد رہے کہ امجد صابری کو گذشتہ روز پروگرام میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے لیاقت آباد نمبر 10میں فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے امجد صابری کے قتل کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
© 2018 - Zamung Swat News & Design s by Kinghost Solutions.
© 2018 - Zamung Swat News & Design s by Kinghost Solutions.
Discussion about this post