اسلام آباد(زمونگ سوات آن لائن نیوز):پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن میں دائر کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں نواز شریف کی نااہلی کی پٹیشن یاسمین راشد نے جمع کروائی جس کے بعد ریفرنس ایڈشنل سیکرٹری کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عندلیب عباس، نعیم الحق ، سیف اللہ نیازی بھی یاسمین راشد کے ہمراہ موجود تھے ۔
۔پٹیشن کے متن میں کہا گیا کہ اثاثے چھپانے پر نواز شریف کو نا اہل قرار دیا جائے ، الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کی ہے ۔ ٹی او آر ناکام ہو گیا لہٰذا ہمارے پاس عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹانے کا واحد راستہ رہ گیا تھا ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالتیں بالخصوص سپریم کورٹ نااہلی کے کیسز جلد از جلد نمٹائے، امید ہے کہ جیسے ہی الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری ہو گی اس کیس کی سماعت مکمل کر لی جائے گی ۔ نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق کیس بہت مضبوط ہے ۔یاسمین راشد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نا اہل ہوں گے ، ہمارے پاس دستاویزات ہیں جن میں پانامہ پیپرز شامل ہیں، باقی تمام ثبوت شام کو پیش کریں گے، کیونکہ ہمارے پاس جو ثبوت ہیں ان سے نواز شریف نا اہل ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان آج شام چار بجے اہم نیوزکانفرنس کریں گے ۔ایڈشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن فدا محمد نے ریفرنس لیگل ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا دیا۔
Discussion about this post