سوات (زمونگ سوات ڈاٹ کام ) سوات سیدوشریف کے علاقہ شگئی بٹوڑہ میں فائرنگ میں زخمی چل بسا، لواحقین نے لاش اور بچوں سمیت علاقے کے عوام نے پولیس کے خلاف تین گھنٹے سے زائد دھرنادیا ، ڈی پی او کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر، مذاکرات کے بعد بخت زمین کو جیل سے رہاکرنے اور مخالف فریق کے افراد کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت ، تفصیلات کے مطابق 17جون کو سیدوشریف کے علاقہ شگئی بٹوڑہ میں شاہد زمین اور محمد رحمن کے مابین تنازعہ ہوا تھا جس میں شاہد زمین کی فریق سے بخت زمین اور دیگر افراد زخمی ہوئے تھے، جبکہ دوسرے فریق سے بھی کئی افراد زخمی ہوئے تھے ، پولیس نے دونوں فریقین کی جانب سے رپورٹ درج کرلی تھی ، تاہم گزشتہ رات بخت زمین زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے ، جس پر بٹوڑہ کے عوام سراپا احتجاج بن گئے اور لاش سمیت بچوں اور خواتین پر مشتمل ہجوم نکل کر ریلی کی شکل میں ڈی پی او آفس سوات پہنچ گئے اور احتجاجی دھرنا دیا ، مظاہرین نے الزام لگایا کہ پولیس نے مخالف فریق سے ساز باز کی ہے ، اور ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے ہمارے فریق کے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ، جوتاحال جیل میں ہیں ، انہوں نے مطالبہ کیا ہے ، کہ واقعہ کے از سر نو انکوائری کی جائے اور ملوث افراد اور واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ، مظاہرین نے 5گھنٹے سے زائد دھرنا دیا ، لیکن ڈی پی او سوات اور انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے ۔
Discussion about this post