اسلام آباد (زمونگ سوات آن لائن نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے عمران خان کی طرف سے اپنی بہن کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کو مریم نواز سے منسوب کرنے کو انتہائی مضحکہ خیز اورجھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب جو مصدقہ اطلاعات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق صدر آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کے ایک رہنماء عاصم گجر کے گھر گئے تھے، عمران خان کی ہمیشہ عادت ہے کہ سنی سنائی باتوں پر الزام تراشی کرتے ہیں، وہ معذرت کریں اور آئندہ سے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔جمعہ کو ’’آئی این پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے اپنی بہن کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر بغیر تحقیق کے شور مچا دیا جو ان کی پرانی عادت ہے، تحریک انصاف کے سربراہ ہمیشہ سنی سنائی باتوں پر یقین کرتے ہیں اور ہمیشہ انہیں حقائق سامنے آنے پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لئے اب عمران خان کو الزام تراشیوں کا سلسلہ ہمیشہ کیلئے بند کر دینا چاہیے اور جو بھی کوئی مسئلہ ہو پہلے اس کی تحقیق کیا کریں۔
Discussion about this post