اسلام آباد(زمونگ سوات آن لائن نیوز) لندن کے معروف تحقیقاتی صحافی جیمس ڈی کرکٹن نے تہلکہ خیزدعویٰ کر دیا۔ برطانوی صحافی نے دعوے میں کہا کہ پاکستان کے سابق صدر و آرمی چیف جنرل(ر) پرویز مشرف، سابق آرمی چیف جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی ملٹی ملین ڈالر سوئس بنک اکاؤنٹس کے مالک ہیں۔ جیمس ڈی کرکٹن نے دعویٰ کیا کہ وہ وزیر اعظم نواز شریف کے خاندان کی آف شور کمپنیوں اور پانامہ لیکس بارے تحقیقات کر رہا تھا تو اسے پاکستان کے دو سابق فوجی سربراہوں کے سوئس بنکوں میں اکاؤنٹس کا پتہ چل گیا۔ ان بنکوں میں ملین ڈالرز کی رقوم گردش کرتی رہی ہیں۔
برطانوی تحقیقاتی صحافی نے کہا کہ مجھے اس بارے تفصیلات حادثاتی طور پر ملیں۔ جیمس نے کہا کہ میں پتہ لگانا چاہتا تھا کہ امیر خاندان سے تعلق رکھنے والے بزنس مین وزیر اعظم نواز شریف نے خود کو پانامہ لیکس میں الجھنے کی اجازت کیوں دی؟ پانامہ لیکس کے حوالے سے کئی بین الاقوامی تحقیقاتی صحافی کام کر رہے تھے۔ شریف خاندان کے افراد پر یہ الزام تھا کہ انہوں نے پانامہ میں واقع کمپنیوں میں پیسہ لگایا اور مریم نواز نے ’سنگاپور‘‘ اور پیرو میں جائیدادیں خریدیں۔
برطانوی تحقیقاتی صحافی جیمس نے دعویٰ کیا کہ ذرائع کے مطابق سابق فوجی آفیسرز کے سوئس اکاؤنٹس نمبر یہ ہیں ۔ 3861337 اور 583106 ۔ جیمس نے دعویٰ کیا کہ سابق صدر مشرف کے اکاؤنٹ کو سٹار ٹرسٹ نامی کمپنی چلا رہی ہے۔ سابق صدر مشرف کے سوئس اکاؤنٹ میں اس وقت 2 ملین ڈالر کی رقم موجود ہے۔ جیمس نے دعویٰ کیا کہ سابق آرمی چیف جنرل کیانی کے سوئس اکاؤنٹ کو یو اے ای کی ایک کمپنی ’’ جے اینڈ بی کنسٹرکشن کمپنی ‘‘ چلا رہی ہے اور یہ جنرل کیانی کے بھائی کی کمپنی ہے جو خود بھی آرمی سے ریٹائرڈ آفیسر ہیں اور پاکستان میں بھی ان کیخلاف تحقیقات چل رہی ہیں ۔ جیمس نے کہا کے اسے یہ تمام معلومات انتہائی معتبر اور مصدقہ ذرائع سے ملی ہیں ۔ جیمس نے کہا کہ 583106 جنرل کیانی کا سوئس اکاؤنٹ جبکہ 3861337 جنرل مشرف کا سوئس اکاؤنٹ ہے۔برطانوی تحقیقاتی صحافی جیمس کی رپورٹ عالمی اخبارات سمیت آج بھارتی و پاکستانی میڈیا میں بھی نمایاں طور پر شائع کی گئی ہے۔
Discussion about this post