اسلام آباد (زمونگ سوات آن لائن نیوز)پاکستان کے تمام بڑے شہروں کی اہم شاہراہوں اور چوکوں پر بینرز لگ گئے، بینرز پر پاکستان آرمی کو اقتدار سنبھالنے اور مارشل لاء لگانے کی درخواست کی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع اور اْنہیں قائل کرنے کی کوششوں کے بعد اب ملک میں مارشل لاء لگانے کی دعوت دیدی گئی ہے۔ اس ضمن میں کراچی، لاہوراور اسلام آباد میں بینرزآویزاں کر دیئے گئے ہیں ،آرمی چیف راحیل شریف کو ملک میں مارشل لاء نافذ کرنے کی یہ دعوت ’ مووآن پاکستان ‘نامی تحریک نے دی ہے۔
اسلام آباد‘ کراچی اور لاہور کی اہم شاہراہوں اور چوکوں پر جگہ جگہ سبز بینرزلگائے گئے ہیں جن پرتحریر ہے کہ جانے کی باتیں۔۔۔ ہوئیں پرانی’’خدا کیلئے ! اب آجاؤ۔۔۔‘‘مووآن پاکستان کے چیف سنٹرل آرگنائزر علی ہاشمی کے مطابق یہ مہم آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے شروع کی گئی مہم کے سلسلے کی اگلی کڑی ہے ، پوری قوم پاکستان کے سیاسی نظام سے اکتاچکی ہے اور راحیل شریف ہی آخری امید ہیں ، اْنہیں دعوت دی ہے کہ ملک کا انتظام سنبھال لیں۔علی ہاشمی نے کہا کہ یہ مہم ملک بھر میں شروع کی گئی ہے اور جلدہی پوسٹرزدیگر بڑے شہروں میں بھی دکھائی دیں گے۔پوری قوم کی ایک آواز ہے کہ ملک کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کیلئے آرمی چیف قدم بڑھائیں۔
Discussion about this post