ریاض(زمونگ سوات آن لائن نیوز)بغاوت کے دوران اپنے فون سے ترک صدر طیب اردوان کا ویڈیو پیغام نشر کرنے والی خاتون صحافی کو ایک عرب باشندے نے اپنا فون دینے کے بدلے میں تین کروڑ روپے دینے کی پیشکش کر دی ہے
ترکی میں جب فوج نے بغاوت کی اور اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو سی این این سے تعلق رکھنے والی خاتون صحافی نے اپنے فون کے ذریعے ترک صدر طیب اردوان کا ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا اور اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا،پیغام میں ترک صدر نے عوام کو گھروں سے نکلنے اور بغاوت کو ناکام بنانے کی اپیل کی تھی۔پیغام نشر ہونے کے تھوڑی ہی دیر میں خاتون صحافی دنیا بھر میں جانی پہچانی خاتون بن گئیں جسے کئی لوگوں نے سراہا۔خاتون صحافی کے اس فون میں ابو رکان نامی ایک سعودی شہری کو ایسی دلچسپی پیدا ہو گئی کہ اس نے اس فون کے حصول کیلئے بڑا اعلان کردیا۔
عرب نیوز کے مطابق ابورکان نے اس فون کو خریدنے کی خواہش کا اظہا رکرتے ہوئے بغاوت کے دوران ترک صدر کا انٹرویو کرنے والی خاتون صحافی کو تین کروڑ روپے کی پیشکش کی۔انہوں نے اس فون کو ’فون آف فریڈم ‘قرار دیا۔ابورکان نے یہ پیشکش اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر کی ۔اگرچہ کئی لوگوں نے اس ٹویٹ پر مذاق اڑایا لیکن بیشتر افراد نے اس فون کو ایک بہت بڑا انٹرویو قرار دیدیا جس نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔
خیال رہے کہ ترکی میں بغاوت کے دوران ترک صدر نے سی این این ترک کی ایک صحافی سے رابطہ کر کے اپنے حامیوں کو بغاوت کچلنے کیلئے گھروں سے نکلنے کا مطالبہ کیا تھا۔
Discussion about this post