پشاور(زمونگ سوات ڈاٹ کام)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ ملاکنڈ میں کسٹم ایکٹ لگانے اور پھر اسے ختم کرکے اس پر جشن منانا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے برابر ہے جس کا مقصدسیاسی نمبر بنانا تھا لیکن پی ٹی آئی کی حکومت اورعہدیداروں نے اس منصوبہ بندی کوناکام بنا دیا ہے جس پر صوبائی حکومت خاص طور پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے مذکورہ ایکٹ کو ملاکنڈ میں نافذ کرنے پر سمری چند ماہ قبل ہی مرکز کو بھیجوادی تھی اور پھر جب سارے ملاکنڈ میں شٹر ڈاؤن ہوا تو وزیر اعلیٰ نے اس ایکٹ کو معطل کر دیا اور اس کی معطلی پر مرکز نے اپنے گھٹنے ٹیک دئیے۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ جس پارٹی نے ملاکنڈ کے عوام کی امنگوں کے خلاف اس ایکٹ کو لاگوکیا اب وہی پارٹی اس کے خاتمہ کا سارا کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے حالانکہ ملاکنڈ کے غیور عوام کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے اور وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں کیونکہ مرکزی حکومت کی طرف سے اس ظالمانہ ایکٹ کو لاگو کرنے کے خلاف وہ سڑکوں پر نکل آئے اور مجبوراً یہ ایکٹ واپس لینا پڑا۔معاون خصوصی نے سوال اٹھایا کہ آخر اس ایکٹ کے نفاذمیں کس کی سازش تھی جس کے تحت 5مہینے تک ملاکنڈ کے عوام کا سکون اور جینا حرام کئے رکھا اور انہیں پریشانی میں مبتلا کرکے ستایا گیا ، اس کی ذمہ داری کون لے گا اور کیا آئندہ کے لئے بھی اس طرح کے ٹیکس لگا کر سیاسی پوآئنٹ سکورنگ کی جائے گی۔ کیا ایسا تو نہیں کہ پھر عوام کو سڑکوں پر لاکر انہیں خوار کرکے واپس کیا جائے گا تاکہ کسی سیاسی شخصیت کو سیاست چمکانے کا موقع مل سکے۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ عوام باشعو ر ہیں اور اب اس قسم کے ہتھکنڈوں کانشانہ نہیں بنیں گے لیکن ان کے ساتھ اس طرح کا بھونڈا مذاق نہیں ہونے دیا جائے گا کیونکہ ملاکنڈ کے عوام پہلے سے کئی ایک مشکلات کا شکار ہیں اور ان کو ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
Discussion about this post