مینگورہ(زمونگ سوات ڈاٹ کام)چیئرمین ڈیڈک ورکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان نے کہاہے کہ کسٹم ایکٹ اور ٹرانسفار مروں پر سیاست کرنے والے سوات کے اہم مسائل حل کرنے پر توجہ دیں ،ملاکنڈڈویژن میں کسٹم ایکٹ کاخاتمہ یہاں کے عوام ،تاجروں،ٹرانسپورٹروں ،سول سائٹی اورآل پارٹیز کانفرنس کی کوششوں اورجدوجہد کا نتیجہ ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر پی ٹی آئی کے تحصیل کونسلر زاہدخان عرف بازخان،شاہد خان،سہیل سلطان ایڈووکیٹ اورپی ٹی آئی کے رہنما اورکارکن بھی موجود تھے،انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ صوبہ خیبر پختونخوا پرویزخٹک نے ملاکنڈڈویژن میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے حوالے سے سمری بھیجوائی تھی جس کا مقصد یہ تھا کہ جو نا ن کسٹم پیڈگاڑیاں ملاکنڈڈویژن آتی ہیں انہیں قانونی شکل دی جائے اور لاتے وقت ان گاڑیوں کی رجسٹریشن کی جائے مگر وفاقی حکومت نے اس سمری کو کسٹم ایکٹ کی شکل دے کر نافذکیا جس کے بعد یہاں کے عوام میں بے چینی اورتشویش پھیل گئی اوران کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس کی قیادت میں باقاعدہ طورپراحتجاج شروع ہوا،انہوں نے کہاکہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اس سے قبل بھی صوبائی حکومت نے مختلف امورکے حوالے سے مرکزی حکومت کو کئی سمریاں بھیجوائی ہیں مگر عرصہ گزرجانے کے باوجودبھی انہیں منظورنہیں کیا گیا مگر جب نان کسٹم پیڈگاڑیوں کے حوالے سے سمری بھیجوائی گئی تو اسے کسٹم ایکٹ کی شکل دے کر فوری طورپر منظورکیا گیا جو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کیخلاف ایک سازش تھی تاہم یہاں کے عوام ،سیاسی پارٹیوں،تاجروں ،ٹرانسپورٹروں ،سو سائٹی اوردیگر طبقات کی جدوجہد کے نتیجے میں وہ سازش ناکام ہوگئی اور ملاکنڈڈویژن میں نافذ کردہ کسٹم ایکٹ کو واپس لے لیاگیا ،انہوں نے کہاکہ اب جو پارٹی کسٹم ایکٹ کے خاتمہ کو اپنی کارکردگی قراردے رہی ہے وہ دراصل عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے تاہم یہاں کے عوام باشعور ہیں اوروہ اس طرح کی کوششوں کوناکام بنانا خوب جانتے ہیں،انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کی فلاح وبہبودکیلئے اقدامات اٹھارہی ہے اوروہ ایسا کوئی کام نہیں کرے گی جو عوام کے مفادات کیخلاف ہو ،انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ایکشن کمیٹی آئندہ کیلئے لوڈشیڈنگ اوردیگر مسائل کے حل کیلئے بھی اسی طرح جدوجہد کرے جس طرح کسٹم ایکٹ کیخلاف کی اور اس میں سرخرو ہوگئی، انہوں نے کہا کہ کسٹم اور ٹرانسفارمروں پر سیاست کرنے والے لوڈ شیڈنگ اور شاہراہوں پر بھی توجہ دیکر عوام کے مسائل حل کریں اب کسٹم ایکٹ پر سیاست کا باب ختم ہوچکا ہے ۔
Discussion about this post