سوات (زمونگ سوات ڈاٹ کام ) پاک فوج نے سوا ت پریس کلب میں شہید صحافیوں کی یاد میں شہدائے صحافت کی یادگار قائم کردی ، جی او سی سوات میجر جنرل آصف غفور نے یادگار کا افتتاح کرلیا ، اس موقع پر سوات پریس کلب مکانباغ مینگورہ میں ایک وقار تقریب منعقد ہوئی ، جس کے مہمان خصوصی جی او سی میجر جنرل آصف غفور تھے ، بریگیڈ کمانڈر مینگورہ بریگیڈیئر محمد ظفر اقبال ، بریگیڈئر مشتاق ، ضلع نائب ناظم عبدالجبار ، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی عبدالناصر خان سمیت پاک فوج کے دیگر حکام اور سوات پریس کلب کے ممبران کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ، سوات پریس کلب آمد پر ایکشن کمیٹی کے اراکین نے جی او سی سوات کا استقبال کیا اور انہیں سوات کی روایتی چادر اور ٹوپی پہنائی ، بعد ازاں جی او سی سوات نے پاک فوج کی جانب سے سوات پریس کلب میں تعمیر شدہ شہدائے یادگار کا باقاعدہ افتتاح کیا اور شہیدوں کے بلند درجات کیلئے دعا کی ۔ جی او سی سوات میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے ، دہشت گردوں کی تعلیم دشمن عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے ، آج لڑکیاں آزادانہ تعلیم حاصل کررہی ہیں جس سے دہشت گردوں کے خواب چکنا چور ہوگئے ہیں ، صحافی معاشرے کی آنکھیں اور کان ہوتے ہیں ان کا قلم ملی مفاد کی خاطر استعمال ہو تو ملک ترقی کی منازل طے کرے گا ، سوات کے صحافیوں نے امن کی خاطر قربانیاں دیکر تاریخ رقم کردی ہے جس کا واضح ثبوت آج کی یاد گار شہداء ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں سوات کے شہید صحافیوں کی یاد میں تعمیر شدہ یاد گار شہداء کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر بریگیڈئر محمد ظفر اقبال ، بریگیڈئر مشتاق ، سول اور فوجی حکام کے علاوہ صحافیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ، جی او سی سوات نے کہا کہ سوات میں سڑکوں سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے ، جس کیلئے پاک فوج حکومتی اداروں سے مل کر اقدامات اٹھارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ مینگورہ شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے فوج کی ملٹری پولیس اور ٹریفک پولیس ملک اقدامات اٹھارہی ہیں تاکہ شہر میں ٹریفک رواں دواں ہوں ، انہوں نے کہا کہ صحافی فوجیوں کی طرح اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ہر خطرے کو مول لیتے ہیں اور ان کی یہی سپاہیانہ زندگی قابل فخر ہے ، انہوں نے کہا کہ عوام کا تعاون اسی طرح جاری رہا تو کوئی شک نہیں کہ سوات اور ملاکنڈ ڈویژن امن کا گہوارہ بن جائے گا ، انہوں نے کہا کہ عید اور گرمیوں کے سیزن پر ریکارڈ تعداد میں سوات میں سیاحوں کی آمد یہاں کی امن کی دلیل ہے ۔
Discussion about this post