کراچی(زمونگ سوات آن لائن نیوز) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے بدھ کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبہ سندھ میں امن وامان باالخصوص کراچی آپریشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں میڈیاہاؤسزپرحملے اور متحدہ قائد کی جانب سے پاکستان مخالف تقریراورنعروں کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پردونوں رہنماؤں اس عزم کا اظہار کیاکہ کراچی آپریشن کو مزید تیزکیاجائے بلکہ آخری دہشت گردکے خاتمے تک اسے جاری رکھاجائیگا۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہاکہ میڈیاہاؤسزپر حملوں میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ میڈیاہاؤسزپر حملے میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی،دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کواحکامات دیتے ہوئے کہا کہ شر پسند عناصر کے خلاف بلاِ تفریق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ، شہرِ کراچی میں موبائل کے گشت کو مزیدبڑھایا جائے اور تھا نہ کلچرکو ہر صورت میں بہتر ہو نا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار بدھ انہوں نے نیو سندھ سیکریٹریٹ میں پولیس افسران سے امن و امان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن ،آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ثناء اللہ عباسی نے شرکت کی ۔اس موقع پر اجلا س میں شہر میں جاری بلدیہ عظمیٰ کے انتخابات کے دوران امن و امان اور پورے صوبے میں بھی امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق بات چیت کی گئی ۔آ ئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو انتخابات میں امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ شہر کراچی میں امن و امان کی صورت حال بہترہے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس کیساتھ رینجرز بھی تعینات ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ پورے صوبے میں انتخابی عمل کو پر امن رکھنے کے لئے نگرانی کی جا رہی ہے ۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ٹی وی چینل پر حملہ کرنے اور گاڑیوں کونذر آتش کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے بھی مکمل بریفنگ دی ، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ حملہ کرنے والے تمام ملزمان کی نشاندہی ہونی چاہئے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ایس ایچ اوز کو بھی ہدایت کی کہ پولیس اسٹیشن پر عوام کے مسائل اور شکایات دوستانہ ماحول میں حل کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ گذشتہ دنوں میڈیا ہاؤسز پر حملے کے دن پولیس نے بہتر طریقے سے کام کیا تھا اور حالات کو کنٹرول کرنے میں اپنامکمل کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہاکہ میں خود پولیس اسٹیشن کے اچانک دورے کرونگا اور لاک اپ بھی چیک کروں گا اور میں سندھ بھر میں مثالی امن اور بھائی چارہ کا ماحول قائم کرنا چاہتا ہوں اوراگر ہر شخص اپنا اپنا کام کرے تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ایس ایس پی اپنے تھا نوں کی مانیٹرنگ کریں اور کہاکہ میں ہر ایس ایس پی کی کارکردگی پر نظر رکھوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پولیس کی کارکردگی کو مانیٹرنگ کرنے کیلئے ایک نظام ترتیب دیا ہے ۔
Discussion about this post