سوات(زمونگ سوات ڈاٹ کام)سنٹرل ہسپتال سوات میں ڈاکٹروں کی غفلت سے جاں بحق ہونے والی بچی کے لواحقین کا احتجاجی مظاہرہ ، سیدو روڈ تین گھنٹے بند، ڈاکٹروں کی معطلی اور ہسپتال کی حالت زار بہتر بنانے کا مطالبہ ،سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا عابد مجید نے مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرلئے ، ڈاکٹرمعطل کرنے کا فیصلہ ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سنٹرل ہسپتال سیدو شریف سوات میں چلڈرن وارڈ میں کالام کی رہائشی 12 سالہ بچی صدیقہ بروقت علاج نہ ملنے سے جاں بحق ہوئی ، بچی کے لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر ڈاکٹروں کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ، مطالبہ پورا نہ ہونے پر دوسرے روز بچی کی لواحقین اور کالام کے عمائدین نے بچی جاں بحق ہونے کے واقعے کو ڈاکٹروں کے غفلت قرار دیا،انہوں نے سنٹرل ہسپتال کے باہر احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے واقعہ میں ملوث ڈاکٹروں کی معطلی اور ہسپتال کی حالت زار بہتر بنانے اور 3 سال سے زائد عرصہ سوات میں ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹروں کے تبادلے کا مطالبہ کیا اس موقع پر ضلعی کونسلرامیر زیب شہریار ، تحصیل کونسلر ڈاکٹر خالد محمود خالد ، اقبال رحمن اور دیگر کونسلروں کے علاوہ کالام کے عمائدین جس کی قیادت ملک غزن خان کررہے تھے بھی موجود تھے ، اس موقع پر ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ کی کوششیں بار آور ثابت نہ ہوسکے ، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ڈپٹی کمشنر سوات ہمیں یقین دہانی کرائے تین گھنٹے بعد مظاہرین ڈپٹی کمشنر سوات عاطف الرحمن کی رہائش گاہ پہنچے اور اپنے مطالبات پیش کیئے ڈی سی سوات عاطف الرحمن نے اس موقع پر سیکرٹری صحت عابد مجید سے رابطہ کیا اور مظاہرین کے مطالبات سے ان کو اگاہ کیا ۔ جس پر سیکرٹری صحت عابد مجید نے واقعہ کے ذمہ دار ڈاکٹروں کی معطلی اور ہسپتال کی حالت زار کو بہتر بنانے اور تین سال سے زائد عرصہ ڈیوٹی کرنے والوں ڈاکٹروں کے تبادلے اور سیدو ہسپتال کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے جلد صوبائی صحت کمیٹی کی سوات ہسپتالوں کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس یقین دہانی کے بعد مظاہرین ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے پر امن طورپر منتشر ہوگئے ۔ادھر ڈپٹی کمشنر سوات نے احتجاجی مظاہرین کی شکایات فوری طور پر سیکرٹری صحت کو تحریری طور پر ارسال کر دی ہے جبکہ واقعہ کے تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی جس میں ڈی ایچ او سوات ڈاکٹر سید علی ، ا ے سی بابوزئی عبد النا صر اور ڈاکٹر سرجن سلطا ن سکندر شامل ہیں قائم کردی ہے جو اپنی رپورٹ ڈپٹی کمشنر سوات کو پیش کرینگے ۔
Discussion about this post