سوات(زمونگ سوات ڈاٹ کام ) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کسٹم ایکٹ کی معطلی کے بعد سوات موٹر وے کا افتتاح جماعت اسلامی کا کارنامہ ہے۔ سوات موٹروے کی تعمیر سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کی ترقی اور خوشحالی جماعت اسلامی کا خواب ہے۔ جماعت اسلامی ملاکنڈ ڈویژن کے عوام سے کئے اپنے وعدے پورے کررہی ہے۔22،23 اکتوبر کو جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کا تاریخی اجتماع عام ہوگا، یہ اجتماع اپنی حاضری اور اثرات کے حوالے سے بھی ریکارڈساز ہوگا۔ جماعت اسلامی کا اجتماع عام کرپٹ مافیا پر کاری ضرب اور اسٹیٹس کو سے قوم کی آزادی کا باعث ہوگا ۔ہم ملک پر مسلط اشرافیہ کا احتساب اور ان سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانا چاہتے ہیں۔ تاریخی اجتماع عام چوروں اور ملک کو لوٹنے والوں کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔ جماعت اسلامی کا اجتماع عام صوبے کی سیاسی فضا پر گہرے اثرات مرتب کرے گا۔اجتماع عام میں لاکھوں لوگوں سے کرپشن فری اور اسلامی و خوشحال پاکستان کے قیام کے لئے جدوجہد کا حلف لیں گے۔ کارکن ڈور ٹو ڈور مہم شروع کردیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی سنگوٹہ سوات میں جماعت اسلامی ضلع ملاکنڈ کے ارکان وکارکنان کی دوروزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی ورکشاپ سے امیر جماعت اسلامی ضلع ملاکنڈمولانا جمال الدین، سابق ایم این اے بختیار معانی، ڈسٹرکٹ کونسلر امجد خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ سوات موٹروے پاکستان کی تاریخ کا پہلا صوبائی موٹروے منصوبہ ہے جس سے سوات کا طویل سفر مختصر ہوجائے گا اور سیاحوں کی آمد ورفت میں اضافہ ہوگا اور یہ زر مبادلہ میں اضافے کا باعث بنے گا۔سوات موٹروے صوبے کی مشترکہ حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ صوبائی حکومت میں شامل جماعت اسلامی کے وزراء ملاکنڈ ڈویژن کو ماڈل ڈویژن بنانے کے لئے انتھک محنت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں کرپٹ عناصر کو بے نقاب کریں گے۔ یہ اجتماع ا سٹیٹس کو سے نجات کا ذریعہ بنے گا۔ اجتماع عام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع کی سربراہی میں پروگرامات کمیٹی اور ضلع پشاور کے امیر صابر حسین کی سربراہی میں انتظامات کمیٹی نے کام شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع پروگرامات،انتظامات،حاضری،رہائش ،طعام اور سیکورٹی سمیت ہر لحاظ سے مثالی اجتماع ہوگا اور صوبہ کی تاریخ میں اس جیسا بڑا اور مثالی اجتماع اب تک کسی نے کیا ہے نہ کیا ہوگا۔مشتاق احمد خان نے کہا کہ اجتماع عام میں جماعت اسلامی کی مقامی صوبائی اور مرکزی قیادت شرکت کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس اجتماع سے صوبہ میں امن کی فضا کو تقویت ملے گی ۔ہمارا صوبہ گزشتہ ڈیڑھ عشرہ سے انتہائی بدامنی کا شکار رہا ہے۔اس تاریخی اجتماع سے امن کا پیغام عام ہو گا اور جمہوری روایات میں پختگی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم قرآن وسنت کے نظام کے قیام کے لئے جدوجہد کریں گے۔ عوام بڑی تعداد میں اجتماع عا م میں شرکت کرکے ا سٹیٹس کو اور کرپٹ مافیا سے نفرت اور اسلام سے محبت کا اظہار کریں۔
Discussion about this post