سوات(زمونگ سوات ڈاٹ کام)سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف پاک فوج کی ملٹری پولیس نے ٹریفک پولیس کے ساتھ خدمات انجام دینا شروع کردیں ،ملٹری پولیس نے اہم چوراہوں سمیت موبائل اور موٹرسائیکل گشت بھی شروع کردیا ،کل یکم ستمبر سے ضلع بھر میں ٹریفک آگاہی مہم شروع کردی جائے گی ،غیر قانونی رکشوں اور کٹ گاڑیوں کے خلاف مرحلہ وار کارروائی عملی میں لائی جائے گی ،ان خیالات کا اظہار آفیسر کمانڈنگ ملٹری پولیس سوات میجر ملک ظفر اقبال نے سرکٹ ہاؤس مینگورہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ،اس موقع پر آئی ایس پی آر کے میجر قمر اور میجر شہاب بھی موجود تھے ،انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے عوامی فلاح وبہبود کے ساتھ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ خدمات انجام دینا شروع کردی ہیں اور اس ضمن میں ملٹری پولیس چالیس پولیس اہلکارں کو ٹریننگ بھی دے رہی ہے ،انہوں نے کہاکہ ٹریفک پولیس کی تعداد 130سے بڑھا کر 170کردی گئی ہے اور مزید 60اہلکاروں کو بھی جلد ٹریفک پولیس میں لایا جائے گا ،انہوں نے کہاکہ ملٹری پولیس ،ٹریفک پولیس سے مل کر شہر میں ان پلازوں کے خلاف کارروائی کرے گی جن کے ساتھ پارکنگ نہیں ہے جبکہ غیر قانونی رکشوں سمیت کٹ گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہاکہ لائسنس کا حصول آسان بنادیا جائے گا تاہم کمسن ڈرائیوروں کو ہر گز ڈرائیونگ کی اجازت نہیں دی جائے گی ،انہوں نے کہاکہ سڑکوں کو کشادہ کرنے کے لئے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ اس مقصد کے لئے ابتدائی پرکل یکم ستمبر سے آگاہی مہم چلائی جائے اور اس کے بعد بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک آگاہی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ٹریفک قوانین کا احترام کریں ۔
Discussion about this post