کبل(زمونگ سوات ڈاٹ کام) گذشتہ روز سول ڈسپنسری توتانوبانڈئی میں پولیو ورکرز نے مطالبات کے حق میں پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں یونین کونسل توتانوبانڈئی سے وابستہ پولیو اہلکاروں نے شرکت کی اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ 29اگست 2016کو ڈبلیو ایچ او(WHO)کے آفیسر ڈاکٹر وحید کامران نے ظالمانہ روئے کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیو ورکرز کو شام 6بجے تک بھوکا پیاسا رکھ کر ذد و کوب کیا جس کی وجہ سے جملہ اہلکار ذہنی اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ موصوف نے چیکنگ کے نام پر ہتک آمیز رویے میں غیر ضروری سوالات پوچھ کر تمام ورکرز کو بے عزت کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جو کہ سراسر ظلم اور ناانصافی پر مبنی ہے انہوں نے کہا کہ ہم جملہ اہلکار انتہائی ایمانداری اور خلوص دل سے گذشتہ کئی برسوں سے پولیو کے خلاف جنگ میں اپنے حصے کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ بیان شدہ واقعہ کے بعد تمام اہلکار دلبرداشتہ ہوکر ذہنی اذیت کا شکار ہیں لہذا ڈی سی سوات،اے سی کبل،ڈی ای او ایجوکیشن اور محکمہ ہیلتھ کے حکام بالا نوٹس لے کر ڈاکٹر وحید کامران کے خلاف کارروائی کریں تاکہ پولیو ورکرز دلجمعی اور یکسوئی کے ساتھ اپنی ڈیوٹی بطریق احسن ادا کرسکیں اس موقع پر یوپیک چئیرمین محمد اسماعیل اور سپروائزرز نے مذاکرات کے ذریعے اہلکاروں کو احتجاج ختم کرنے پر آمادہ کیا اور یقین دلایا کہ مذکورہ واقعہ کو حکام بالا تک پہنچا یا جائے گا ۔
Discussion about this post