سوات(زمونگ سوات ڈاٹ کام)تحریک انصاف کے مرکزی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جس ملک کا وزیر اعظم کرپٹ ہو تووہ ملک تباہ ہوجاتا ہے ،مجھے وزیر اعظم بننے کی کوئی خواہش نہیں لیکن ملک کے مستقبل کی جنگ لڑرہا ہوں ، اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے، بے روزگاری کا خاتمہ سرمایہ کاری سے ممکن ہے لیکن موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے اس وقت پاکستان کی تاریخ کی کم ترین سرمایہ کاری ہو رہی ہے، اس سرمایہ کاری میں سب سے بڑی رکاؤٹ کرپشن ہے ۔ سوات کے پر فضا اور سطح سمندر سے نو ہزار پانچ سو فٹ بلندی پر واقع ملم جبہ میں نجی کمپنی سیم سنز کی جانب سے 35کروڑ روپے سے تعمیر ہونے والے چیئر لفٹ کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے سب سے خوبصورت ترین علاقے ہیں۔ ان میں ایسے علاقے بھی ہیں جو سویٹیزر لینڈ سے بھی خوبصورت ہیں۔ تقریب سے پہلے انہوں نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، ایم این ایز اور ایم پی ایز کے ہمراہ چیئر لفٹ کا افتتاح اور نجی کمپنی کی جانب سے 3ارب ساٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے فائیو سٹار ہوٹل اور اسکی ریزارٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب سے اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اس وقت سب سے کم کرپشن خیبر پختون خواہ میں ہے اور خیبر پختون خواہ تمام صوبوں سے زیادہ لیڈ کر رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ اس وقت صوبے میں سو پن بجلی گھر ہم تعمیر کر چکے ہیں اور مزید ایک ہزار پن بجلی گھر تعمیر کئے جائیں گے جس سے عوام کو چوبیس گھنٹے سستی بجلی فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کا وزیر اعظم کرپٹ ہوتا ہے، وہ تباہ ہوتا ہے ۔ مجھے وزیر اعظم بننے کی کوئی خواہش نہیں لیکن قوم کے لئے لڑ رہا ہوں۔ تین ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تین ستمبر کو لاہور سے شروع ہونے والی تحریک سے تبدیلی کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ملم جبہ پہلی دفعہ آیا ہوں اور اس علاقہ کو مزید خوبصورت بنائیں گے اور مقامی سیاحت کو فروغ دیا جائیگا۔
Discussion about this post