بٹ خیلہ (زمونگ سوات ڈاٹ کام )پاک فوج کے زیرانتظام مالاکنڈ سپورٹس گالاکی اختتامی تقریب جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی ۔ اس اختتامی تقریب کا انعقادگورنمنٹ ڈگری کالج تھانہ میں کیا گیا۔ اس رنگارنگ تقریب کے مہمان خصوصی مینگورہ بریگیڈ کمانڈر بریگیڈئیر محمد ظفر اقبال تھے ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پاک فوج اور سول انتظامیہ کے اعلی افسران کے علاوہ بچوں،مردوں اور خواتین کی کیثر تعداد نے شرکت کی ۔اس تقریب میں مختلف کھیلوں کے مظاہرے پیش کئے گے جس کو شائقین نے سراہا۔ عملی خاکے ،ملی نغمے اور علاقائی زبان میں گانے بھی پیش کئے گے جس کو سن کر شرکاء خوب محظوظ ہوئے ۔ اس اختتامی تقریب میں پاک آرمی کی طرف سے ہتھیاروں کی نمائش بھی کی گئی۔ مالاکنڈ سپورٹس گالا کے مقابلوں میں جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں مہمان خصوصی نے انعامات تقیسم کئے گئے ۔وہیل چیئر کے مقابلوں میں جیتنے والوں کوبریگیڈئیر محمد ظفر اقبال نے اپنی طرف سے بھی دس،دس ہزار روپے انعام دئیے ۔ تقریب کے آخر میں خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئیر محمد ظفر اقبال نے کہا کہ قوموں کی پہچان اس وقت ہوتی ہے جب وہ گرتی ہیں وہ پھر اٹھتی ہیں ،مالاکنڈ ڈویژن کی عوام نے بھی مشکل کا وقت دیکھا ہے آپ لوگوں کاجوش وخروش دیکھ کر ضرور ہم کہہ سکتے ہیں کہ آپ کا شمار بھی انہیں قوموں میں ہے جو گرنے کے بعد اٹھتی ہیں۔ اس سال سیاح کثیر تعداد میں آئیں ہیں اور اگلے سال اس سے بھی زیادہ سیاح آئیں گے یہ سب پاک فوج اور پولیس کی قربانیوں کا نتیجہ ہے اور مالاکنڈ ڈویژن کی عوام کی جوان مردی اور دلیری کا ثبوت ہے کہ ہم نے اس سپورٹس فیسٹول کے انعقاد سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ آخر میں جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور ہارنے والوں کو کہا کہ آپ سے امید ہے کہ آپ اگلے سال اچھی کارکردگی دیکھائیں گے ۔
Discussion about this post