بٹ خیلہ (زمونگ سوات ڈاٹ کام) بٹ خیلہ میں ڈینگی کے مزیددوکیس سامنے آگئے ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 89ہوگئی ۔متاثرہ علاقوں میں مچھر مار اسپرے مہم تیزی سے جاری ہے جبکہ یونین کونسل لوئر بٹ خیلہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ قراردیا جہاں سے ڈینگی کے 42کیس سامنے آچکے ہیں جبکہ اپر بٹ خیلہ سے 13،آلہ ڈھنڈ سے گیارہ جولگرام،میخ بند ،خار، طوطہ کان ،مالاکنڈ خاص اور مڈل بٹ خیلہ سے بھی ڈینگی کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈینگی فوکل پرسن ڈاکٹر تنویرانعام نے کہاکہ اس وقت ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اورتمام سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہے اس کے علاوہ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کیلئے مخصوص وارڈزبٹ خیلہ ،طوطہ کان،تھانہ اوردرگئی میں قائم کئے گئے ہیں جہاں پر مریضوں کومفت طبی امداد دی جارہی ہے انہوں نے مزیدکہاکہ ابتک ڈینگی سے متاثرہ افراد میں اکیس خواتین اورایک تین سال کابچہ بھی شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تمام علاقوں میں مچھر ماراسپرے سمیت آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کی بھرپورکوششوں سے ڈینگی پرقابوپایاجارہاہے پہلے روزانہ کی بنیاد پر دس دس کیس سامنے آرہے تھے اب یہ تعداد کم ہوکرتین چار تک رہ گئے انہوں نے امیدظاہرکی کہ بہت جلد ڈینگی پر مکمل قابوپایاجائیگا۔
Discussion about this post