مینگورہ (زمونگ سوات ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات ڈاکٹر سید علی خان نے کہا ہے کہ محکمہ صحت سوات کی بھر پور کوششوں سے سوات میں ایک بھی ڈینگی کا کیس سامنے نہیں آیا ،اب بھی تندہی سے حفاظتی تدابیر اختیا ر کئے جا رہے ہیں تاکہ موجودہ موسم میں بھی کو ئی کیس سامنے نہ آسکے، متعلقہ اداروں کے حکام اس سلسلے میں اقدامات کر رہے ہیں ۔وہ گزشتہ روز اپنے دفتر سیدوشریف میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔اس موقع پر ای پی آئی کوارڈینیٹرڈاکٹر انور جمال ، ڈاکٹر کفایت اللہ ،سپرنٹنڈنٹ سمیع الحق اور دیگر بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر سید علی خان نے بتایا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال سوات میں ڈینگی کے شدید خطرات لاحق تھے تاہم محکمہ صحت نے تمام دیگر متعلقہ اداروں اور محکموں کی مشترکہ کوششوں سے ڈینگی لارواز کے خاتمے کے لیے موثر کردار ادا کیا ،یہی وجہ ہے کہ تاحال سوات بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ ایک بھی مریض سامنے نہیں آیا ۔انھوں نے کہا کہ دیگر مہلک بیماریوں کانگو وائرس اور پولیو کا بھی سختی سے تدارک کیا جا رہا ہے انھوں نے واضح کیا کہ عوام کے صحت سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی انھوں نے اپیل کی کہ عوام عیدالاضحی کے موقع پر کانگو وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور سپرے کریں ،اس سلسلے میں ہسپتالوں میں علاج معالجے کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی اقداما ت اٹھائے گئے ہیں انھوں نے تمام ہسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر چھٹیوں کے دوران اپنی ڈیوٹیوں کو یقینی بنائیں ۔
Discussion about this post