سوات(زمونگ سوات ڈاٹ کام )امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہاہے کہ 22اکتوبر کو جما عت اسلامی کااضاخیل اجتماع کرپٹ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ،کرپٹ حکمران پاکستان کے لئے بھارت سے زیادہ خطرناک ہیں ،حکمرانوں نے پاکستان کو لوٹ مار کا بازار جبکہ دبئی اور امریکہ عیاشیوں کے اڈے بنادئے ہیں ،2018کے انتخابات سے قبل ہی فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرکے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے ،صدرمملکت کی سیکیورٹی پر سالانہ ایک ارب روپے خرچ ہورہے ہیں ،اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہمارا بنیادی مقصداور نیا خیبر پختونخوا ہماری سیاست کا محور ہے ،کشمیر کی آزادی کے پیچھے جماعت اسلامی کا ہی ہاتھ ہے ،اضاخیل کے دوروزہ اجتماع میں شرکت کے لئے ترک صدر طیب اردگان کو بھی دعوت دی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت الاسلامیہ مینگورہ میں جماعت اسلامی کے ذمے داران کے اجلاس کے بعد میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ضلعی امیر ڈاکٹرفضل سبحان ،جنرل سیکرٹری حافظ اسرار احمد اور مینگورہ زون کے امیر حافظ بخت امین سمیت جماعت اسلامی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے ،امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمدخان نے کہاکہ نوشہرہ میں 22اور23اکتوبرکو اضاخیل اجتماع کے لئے 1500کنال پر پنڈال سجایاجارہا ہے ،جس کے لئے صوبے کی 1008یونین کونسلوں میں اجتماعات جاری ہیں انہوں نے کہاکہ اجتماع کے دوران مردوخواتین اور بچوں کے لئے الگ الگ انتظامات کئے گئے ہیں جس میں یوتھ ایکسپو بھی ہوگا اور مقابلوں کا انعقاد کرکے بیس لاکھ روپے کے انعامات دئے جائیں گے ،انہوں نے کہاکہ مرکز نے صوبے کے حقوق پر قبضہ جمادیا ہے جس کیو جہ سے صوبہ خیبر پختو نخوا پسماندگی کا شکار ہورہا ہے انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے میں صوبہ خیبر پختونخوا کے حقوق دیئے جائیں نہیں تو جماعت اسلامی تحریک چلائے گی ،انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے لئے جماعت اسلامی کا کردارکلیدی ہے اور جماعت اسلامی کے رکن نے ہی بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کیا ہے انہوں نے کہاکہ اسلامی فلاحی ریاست ہمارا مشن ہے اور ہمارے اقتدار میں آتے ہی ڈاکو اور لٹیرے اسمبلیوں میں نہیں بلکہ جیلوں میں ہوں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ڈاکو حکمران پاکستان کے لئے بھارت سے ذیادہ خطرہ ہیں ،انہوں نے کہاکہ انتہائی شرم کی بات ہے کہ صدرمملکت کی سیکیورٹی پر ایک ارب روپے سالانہ خرچ ہورہے ہیں جبکہ انہوں نے بیرون ملک جاکر صرف ٹپ میں 62لاکھ روپے دئے ہیں ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے یہ عزم کیا ہے کہ ہم ہی نیا خیبر پختونخوا بنائیں گے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اضاخیل اجتماع کے بعد لاہور ،کراچی اور کوئٹہ میں بھی اجتماعات منعقد کرے گی ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی صوبے کا حصہ ضرور ہے لیکن ہمارے وزرا کا دامن صاف اور کارکردگی بے مثال ہے ،انہوں نے کہا کہ فاٹا کی عوام کے ساتھ نارواسلوک رکھا جارہا ہے اس لئے ہمارامطالبہ ہے کہ فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کرکے 2018کے انتخابات سے پہلے پہلے انہیں صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے ۔
Discussion about this post