سوات (زمونگ سوات ڈاٹ کام ) سوات میں عوامی ورکرز پارٹی کے زیر اہتمام گرینڈ جرگہ نے سی پیک کو ’’چائنہ پنجاب اکنامک کوریڈور ‘‘قراردیکر مسترد کردیا ،پختونوں کو مزید قربانی کا بکرابنانا منظورنہیں ، کوریڈور میں سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن اور خیبر پختونخوا کا پورا حق دیا جائے ، صوبے کا حق نہ ملا تو شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک بھی دوغلی پالیسی ترک کرکے صوبے کیلئے آواز اٹھائے اور سوات سمیت صوبے کی تمام یونیورسٹیوں میں چائنہ زبان کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے ، گرینڈ جرگہ سوات پریس کلب میں منعقد ہوا ،جس کا اہتمام عوامی ورکرز پارٹی سوات نے کیا تھا ،جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ورکرز پارٹی کے مرکزی چیئرمین فانوس گجر اورکوریڈور فرنٹ تحریک کے رہنما ڈاکٹر سید عالم محسودنے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں سے پاکستان کے چاروں صوبوں کو شامل کیا گیا تھا اور اس سے پورے ملک میں ترقی کا انقلاب برپا ہونا تھا تاہم وزیر اعظم نوازشریف اور پنجاب نے ان منصوبوں میں ملاکنڈ ڈویژن اور خیبر پختونخوا کو یکسر نظر انداز کردیا ہے اور سی پیک کوچائنہ پنجاب اکنامک کوریڈور میں تبدیل کردیا ہے جو ہمیں کسی بھی صورت میں منظور نہیں، انہوں نے کہاکہ پختون قوم کو پنجاب نے قربانی کا بکرا بنا رکھا ہے لیکن ہم مزید قربانی کے بکرے بننے کیلئے تیار نہیں اور اپنا حق مانگ کر ہی رہیں گے ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اے پی سی کے دوران ہونے والے وعدوں سے مکر گئے ہیں اور کوریڈور کے تمام منصوبے جن میں 17 ہزار میگا واٹ بجلی ، مسلسل گیس اور دیگر منصوبے شامل ہیں پنجاب پر قربان کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوریڈور کیلئے اربوں روپے فراہم کردیئے گئے ہیں جبکہ مغربی روٹ کیلئے ابھی تک ایک پیسہ بھی مختص نہیں کیا گیا ہے جس سے یہ ثابت ہورہا ہے کہ پنجاب پختونخوا سمیت دیگر صوبوں کو محروم کرنا چاہتا ہے ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے سابق صدر پرویز مشرف اور سابق صدر زرداری کے نقشہ جات کو بھی تبدیل کردیا ہے اور خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے کئی علاقوں کو نکال کر پنجاب کو شامل کرلیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک بھی دوغلی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں لیکن ہم ان پر بھی واضح کرتے ہیں کہ انہوں نے صوبے کے حق کیلئے آواز نہیں اٹھائی تو ان کے خلاف بھی احتجاج کرکے اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے ، جرگہ نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم اپنے حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس ضمن میں آخری حد تک جائیں گے ، جرگہ نے سوات سمیت صوبے کی تمام یونیورسٹیوں میں چائنہ زبان کو نصاب میں شامل کرانے کا بھی مطالبہ کیا ،اس موقع پر سوات بارایسوسی ایشن کے صدر حضرت معاذ ایڈوکیٹ، مشہور شاعر وادیب پرویز شاہین نے بھی خطاب کیا ۔
Discussion about this post