سوات (زمونگ سوات ڈاٹ کام)پختونخوا کالج ٹیچر ایسوسی ایشن ( پکٹا)نے سوات سمیت ڈویژن بھر کے سرکاری کالجوں میں بائیومیٹرک سسٹم سے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ،جب تک کالج کے اساتذہ کو پروفیشنل الاؤنس اور دیگر مراعات نہیں دی جاتیں ،اس نظام کی تنصیب سے فائدے کے بجائے مزید مسائل جنم لیں گے ،اس حوالے سے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سیدوشریف میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کے سرکاری کالجوں جہانزیب کالج ،مٹہ کالج ،کبل کالج ،مدین کالج ،الپورئی کالج،پورن کالج،چکیسرکالج ،جوڑ اور ڈگرکالج کے علاوہ دیر اور ملاکنڈ ڈویژن کے کالجوں کے نمائندوں نے شرکت کی ،اجلاس کے بعد پکٹا سوات کے صدرپروفیسر حمید اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے سرکاری کالجوں میں بائیومیٹرک سسٹم انسٹال کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ ہمیں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں کیونکہ صبح 8بجے اورسپ پہر 3بجے انگوٹھا لگانے سے مسائل حل نہیں ہوسکتے بلکہ اس سے مزید مسائل جنم لیں گے انہوں نے کہاکہ اساتذہ ہی قوم کے معمار تیارکرتے ہیں اورہم تبدیلی کا ساتھ دے رہے ہیں لیکن جب تک حکومت صحت اور دیگر محکموں کی طرح کالج اساتذہ کو پروفیشنل الاؤنس نہیں دیتی اور ان کے مسائل کو حل نہیں کیاجاتا تو وہ بائیو میٹرک سسٹم کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے اور اس کے خلاف بھر پور تحریک چلائی جائے گی انہوں نے کہاکہ اس سسٹم سے فرض شناس اساتذہ کا مورال ڈاؤن ہوگا اس لئے حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں ۔
Discussion about this post