سوات (زمونگ سوات ڈاٹ کام) سوات میں آل ایمپلائز کوارڈی نیشن کونسل اور سیدو ٹیچنگ اسپتال کے درجہ چہار م ملازمین نے اپنے مطالبات کے لئے سوات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور محکمہ صحت کے درجہ چہارم ملازمین کو ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس سمیت دیگر مراعات دینے کا مطالبہ کیا ،اس سے قبل سیدوشریف میں سیدوٹیچنگ اسپتال کے درجہ چہارم ملازمین کا احتجاجی جلسہ بھی ہوا ،جلسے اور احتجاجی مظاہرے میں ا ایپکاکے صوبائی صدر محمد اسلم خان ، پیرامیڈیکس کے صوبائی صدر نبی امین ، درجہ چہارم ملازمین کے سیدو ٹیچنگ اسپتال کے صدر مصطفی خان ، ایپکا سوات کے صدر علی رحمن ، درجہ چہارم ملازمین سوات کے صدر سید خطاب ، پیرامیڈیکس سوات کے سابق صدر بشیر احمد ، ایپکا پشاور کے صدر الماس خان نے بھی شرکت کی ،احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ درجہ چہارم ملازمین ہسپتالوں اورمحکمہ صحت کے دیگر شعبوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور دن رات اپنی خدمات پیش کررہے ہیں تاہم حکومت کی جانب سے ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس صر ف ڈاکٹر ز اور مخصوص طبقات کو دیا گیا ہے جبکہ درجہ چہارم ملازمین کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ہے ، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے بصورت دیگر ہم شدید احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے ،بعد ازاں جلسہ کے شرکاء نے سید وٹیچنگ اسپتال سے سوات پریس کلب تک جلوس نکالا جس میں سیکڑوں ملازمین نے شرکت کی ،ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی بھی کی ،،دریں اثناء سیدو ہسپتال میں میں درجہ چہارم ملازمین کی ہڑتال کے باعث آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔
Discussion about this post