سوات (زمونگ سوات ڈاٹ کام) جی او سی مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل آصف غفور نے یتیم بچوں کی تعلیم و کفالت کے ادارہ خپل کور کادورہ کیا اور ادارے کے لئے 2 ہائیس گاڑی فراہم کرنے اور ہر ماہ ایک لاکھ روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا ، اس موقع پر بریگیڈکمانڈر بریگیڈئر ظفر اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے ، خپل کور ماڈل سکول کے ڈائریکٹر حاجی محمد علی نے جی او سی مالا کنڈآرمی ڈویژن میجر جنرل آصف غفور کو خپل کور ماڈل سکول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ ادارے میں 523یتیم بچے اور 355 یتیم بچیاں زیر تعلیم ہیں جبکہ 400 بچے اور بچیاں ادارے کے ہاسٹلوں میں زیر کفالت ہیں ، انہوں نے بتایا کہ ہر بچے کا ماہانہ خرچہ 6 ہزار روپے بنتا ہے جبکہ ادارہ کے اخراجات ڈونرز اور سیلف فنانس کے تحت پڑھنے والے بچوں کی فیسوں سے پورے ہوتے ہیں ، اس موقع پر سکول کے بچوں نے مختلف ٹیبلوز اور خوش آمدید گیت بھی پیش کیا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی اوسی مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کے لئے خپل کور فاؤنڈیشن کی خدمات قابل تحسین ہے اور انشاء اللہ پاک فوج اس ادارے کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون جاری رکھے گی ، انہوں نے اس موقع پر ادارے کیلئے 2ہائیس ٹیوٹا گاڑیاں فراہم کرنے اور ہر ماہ ایک لاکھ روپے گرانٹ دینے کا اعلان کیا جبکہ خپل کور ماڈل سکول کے چیف ایگزیکٹیو رفیع الملک کو پانچ لاکھ روپے کا گرانٹ بھی دیدیا ، جی او سی مالاکنڈ آرمی ڈویژن نے کہا کہ ساتویں جماعت میں فسٹ پوزیشن حاصل کرنے والے خپل کور ماڈل سکول کے بچے کو آٹھویں جماعت میں کیڈٹ کالج سوات میں داخلہ دیا جائے گا ، اس موقع پر جی او سی نے ادارے کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور یتیم بچوں سے گھل مل گئے۔
Discussion about this post