سوات(زمونگ سوات ڈاٹ کام) سوات میں آڑو کی پیداوار بڑھانے اور اس پھل کو عالمی سطح پر برآمد کرنے کے لئے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا ،ودودیہ ہال سیدوشریف میں ہونے والے سیمینار کا اہتمام محکمہ زراعت سوات نے کیا تھا جس میں ضلع بھر سے زمینداروں نے شرکت کی ،سیمینار کے مہمان خصوصی بریگیڈ کمانڈر بریگیڈئر ظفراقبال تھے جبکہ اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل خرم رشید بھی ان کے ہمراہ تھے ،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سوات فضل مولا نے سیمینار کے اغراض ومقاصد بیان کئے اورآڑو کی معیار ی پیدوار اور پھل مکھی کے نقصانات اور اس کے سدباب سمیت اعلیٰ درجہ بندی اور معیاری پیکنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ،اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت سوات کریم خان، ڈپٹی ڈائریکٹر عدالت خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر عدالت خان، مراد خان پی ایچ ڈی اسکالراور پاکستان ٹریڈنگ ڈویلمنٹ کارپوریشن سوات کے نمائندے فضل ودود نے بھی خطاب کیا اور آڑو کی پیداوار سمیت ان کی معیاری پیکنگ ،گریڈنگ اور برآمدات سمیت بیماریوں سے بچاؤ پر لیکچر دئے ،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈ ظفراقبال نے کہاکہ پاک فوج قیام امن کے بعد سوات کی ترقی کے علاوہ یہاں کی زراعت کے فروغ کے لئے بھی کوشاں ہے اور یہاں پیدا ہونے والے آڑو کی پیدوار بڑھانے اور اسے پاکستان سمیت بیرون ممالک برآمد کرنے کے لئے زمینداروں کی ہرممکن مدد کی جائے گی ،انہوں نے زمینداروں پر زوردیا کہ وہ زرعی ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں تاکہ پیداور بڑھنے کے ساتھ ساتھ زمینداروں کو مالی فوائد بھی حاصل ہوں ،انہوں نے کہاکہ اس قسم کے سیمیناروں سے آڑو کی معیاری پیدوار حاصل ہوسکے گی بلکہ ترقی کا عمل بھی شروع ہوگا انہوں نے کہاکہ پاک فوج محکمہ زراعت اور زمینداروں کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریگی ۔
Discussion about this post