سوات(زمونگ سوات ڈاٹ کام)سوات میں کشیدگی کے دوران شدت پسندوں کے ہاتھوں تباہ ہونے والا چارباغ پولیس اسٹیشن کو دوبارہ تعمیر کرلیا گیا،ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن اخترحیات خان نے تھانے کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا ، یہ تھانہ اگست 2008میں شدت پسندوں نے خودکش دھماکہ کرکے تباہ کردیا تھا ،افتتاحی تقریب کے دوران ڈی پی او سوات عباس مجید مروت،ڈی آر سی کے سربراہ ایس پی(ر) نوید اقبال خان ،ڈی ایس پی خوازہ خیلہ سرکل باچا حضرت خان کے عوامی نمائندے اور عمائدین علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے ،اس موقع پر ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن نے تھانے کی نئی عمارت کا معائنہ کیا اور پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی وہ عوام کے خادم بن کر ان کی خدمت کریں ،عمائدین علاقہ سے خطاب اور بعدازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن اخترحیات خان نے کہاکہ سوات میں پولیس مکمل طور پر فعال اور ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لئے تیارہے ،انہوں نے کہاکہ کشیدگی کے دوران سوات میں نوتھانے تھے جبکہ اب بیس تھانے ہیں اور مزید چھ تھانے قائم کئے جارہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ چارباغ کا تھانہ جدید طرز سے تعمیرکیا گیا ہے جس میں دو سو اہلکاروں کی گنجائش ہے اوراس میں آنے والے عوام کے لئے بھی تمام تر سہولیات اور جرگوں کے لئے ڈی آر سی کا ہال بھی موجود ہے انہوں نے کہاکہ چارباغ کشیدگی کے دوران دہشت گردوں کا مرکز تھا لیکن اب یہاں امن کی بہار ہے ،عوام اور پولیس ایک پیج پرہیں انہوں نے کہاکہ قیام امن کے لئے نہ صرف پولیس بلکہ یہاں کے عوام نے بھی قربانیاں دی ہیں اور اس امن کوبرقرار رکھنے کے لئے ہم سب کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا ،اس موقع پر علاقے کے عمائدین نے بھی تھانے کی دوبارہ تعمیر پر اطمینان کا اظہار کیا اور پولیس کے ساتھ ہرقسم کے تعاون کا یقین دلایا ۔
Discussion about this post