سوات ( زمونگ سوات ڈاٹ کام )جماعت اسلامی خیبر پختون خواہ کے امیر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی نعمتوں اور رحمتوں سے برا پڑھا ہے لیکن 70سال سے اس ملک پر حکمرانی کرنے والے افراد کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے یہ ملک غربت ، بے روزگاری اور لوڈ شیڈنگ کی لپیٹ میں ہے اور آج ملک میں 45فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے جن کی روزانہ آمدنی دو سو روپے سے بھی کم ہے ۔ سوات پریس کلب میں جماعت اسلامی یوتھ مینگورہ کے کنونشن سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 70سال سے پاکستان کے کرپٹ حکمران سیاست تو پاکستان کے نام پر کرتے ہیں لیکن علاج لندن میں، شاپنگ دبئی میں کرتے ہیں اُن کے بچے امریکہ میں پڑتے ہیں اور پاکستان کے قومی خزانہ کو لوٹ کر وہ رقم باہر ممالک کے بنکوں میں رکھتے ہیں جو پاکستان کے غریب اور مظلوم عوام کے ساتھ مذاق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ، پھر سیلاب سے متاثرہ سوات اور ملاکنڈ ڈویژن کو سی پیک منصوبوں سے باہر رکھنا یہاں کے مظلوم عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے اور اگر سی پیک میں اس صوبے اور خاص کر ملاکنڈ ڈویژن کو شامل نہیں کیا گیا تو پھر جماعت اسلامی اس کے خلاف تحریک چلائی گی ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہے اور یہی نوجوان 2018کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے دیانت دار اور ایماندار قیادت کو کامیاب کرکے انقلاب بر پا کریں گے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم پاکستان اپنے وعدے کے مطابق چکدرہ سے کالام تک ایکسپریس وے کی تعمیر فوری طور پر شروع کردیں ، مالم جبہ ، بحرین سے کالام ، کالام سے مہو ڈنڈ ، اتروڑ ، جامبیل کوکاری ، مٹہ اور کبل تحصیل کی سڑکوں کی تعمیر کے کام کا آغاز جلد سے جلد شروع کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مینگورہ شہر جماعت اسلامی کا گڑھ ہے اور مستقبل میں مینگورہ شہر کو ’’سٹی آف جماعت اسلامی ‘‘ کے نام سے پکارا جائیگا ۔ یوتھ کنونشن سے جماعت اسلامی ضلع سوات کے امیر محمد امین ، یوتھ کے صدر محمد ذادہ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر مینگورہ شہر کے درجنوں افراد نے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
Discussion about this post