سوات (زمونگ سوات ڈاٹ کام) جی او سی سوات میجر جنرل آصف غفور نے سوات پریس کلب کا الوداعی دورہ کیا اور قیام امن کیلئے سوات کے صحافیوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ، جی او سی سوات میجر جنرل آصف غفور نے منگل کے روز سوات پریس کلب کا الوداعی دورہ کیا تو سوات کے صحافیوں نے ان کا پر تپاک استقبال کیا ، بریگیڈ کمانڈر مینگورہ بریگیڈئر ظفر اقبال اور بریگیڈئر اقبال خان سمیت دیگر فوجی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے ، اپنے مختصر سے خطاب میں جی او سی سوات میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ سوات میں پاک فوج ، عوام اور صحافیوں نے قیام امن کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور اب ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس امن کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے ، انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سوات کے عوام اور صحافیوں سے میرا رابطہ رہے گا ، انہوں نے کہا کہ وہ سوات سے یادگار لمحات لیکر جارہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ پاک فوج اور صحافیوں نے سوات میں ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ آئندہ بھی سوات کے صحافی ایک ٹیم بن کر سوات اور ملک کے لئے مشترکہ کام کریں گے ، دریں اثنا جی او سی سوات نے بے سہارا بچوں کے ادارہ خپل کور سکول مینگورہ کا بھی دورہ کیا اور اسکول کے ایم ڈی محمد علی کو اعلان کردہ 2ہائیس ( فلائنگ کوچ )گاڑیوں کی چابیاں حوالے کردئیں ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خپل کور ماڈل سکول کے بچوں کے ساتھ ان کا رابطہ برقرار رہے گا ، اور پاک فوج کی جانب سے خپل کور سکول کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔
Discussion about this post