سوات (زمونگ سوات ڈاٹ کام ) جی او سی مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل آصف غفور نے ابدالی سکول اینڈ کالج کا الوداعی دورہ کیا جس میں انہوں نے پہلے سائنس آرٹ اینڈ کلچر نمائش کا افتتاح کیااور اسکے بعد ابدالی سکول اینڈ کالج میں لگائے گئے مختلف سٹال کا جائزہ لیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی جی او سی مالا کنڈ میجر جنرل آصف غفور کے علاوہ مینگورہ بریگیڈ کمانڈر بریگیڈ ئرمحمد ظفر اقبال اوردیگر فوجی حکام بھی شریک تھے۔ اپنے مختصر سے خطاب میں جی او سی سوات میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ سوات میں پاک فوج اور عوام نے قیام امن کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور اب ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس امن کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے۔اپنے خطاب میں انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس قوم کو تباہ کرنا ہو اس کے تعلیمی اداروں کو تباہ کر دوتو وہ قوم خود بخود تباہ ہو جاتی ہے۔ہمیں اپنے ملک و قوم کی تعمیر کرنی ہے اور میری آپ لوگوں سے درخواست ہے کہ اپنے بچوں کو تعلیم دلوائیں تا کہ دہشت گردوں کے مظموم مقاصد کو شکست دے سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سوات سے یادگار لمحات لیکر جارہے ہیں اس موقع پر ابدالی سکول اینڈ کالج کے ڈائریکٹر محمد اختر نے جی او سی مالاکنڈ آرمی ڈویژن میجر جنرل آصف غفورکو یادگار ی شیلڈ بھی پیش کی۔آخر میں جی او سی مالاکنڈنے ابدالی سکول اینڈ کالج کے ڈائریکٹر محمد اختر کو مالی معاونت گرانٹ چیک بھی دیا۔اور ابدالی سکول اینڈ کالج کے انتظامیہ اور بچوں نے پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔
Discussion about this post