سوات (زمونگ سوات ڈاٹ کام ) خیبر پختونخواہ کے وزیرکھیل ‘ثقافت‘اثارقدیمہ اور امورنوجوانان محمود خان نے قومی تعمیر نو کے محکموں کے ضلعی سربراہوں سے کہا ہے کہ وہ ضلع سوات میں مفاد عامہ کے منصوبوں پر تعمیراتی کام کی رفتارمذید تیز کرکے جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کو یقینی بنائے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔یہ بات انہوں نے منگل کے روز تحصیل مٹہ سوات میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام کی رفتار کاجائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کا صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں مختلف محکموں آبپاشی‘آبنوشی اور مواصلات وتعمیرات کے علاوہ متعلقہ افسران واہلکار بھی موجود تھے ۔اجلاس میں تحصیل مٹہ سوات میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر SDO ایریگیشن مٹہ سوات سلیمان خان نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ حلقہ پی کے84مٹہ سوات میں محکمہ آبپاشی کے زیر اہتمام تقریباً ساڑھے چار ارب روپے کی لاگت سے مختلف منصوبے جن میں سیلاب سے بچاؤ کے حفاظتی پشتہ جات‘ایریگیشن چینل اور روڈز شامل ہیں۔جن میں بیشتر منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں اور انشاء اللہ باغ ڈھیری ایریگیشن چینل پر بھی جلد ازجلد تعمیراتی کا م مکمل کیا جائیگا جس سے تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار بنجر اراضی سیراب اور قابل کاشت ہوجائیگی۔اس کے علاوہ اس منصوبے میں ایک لاکھ افراد کو پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی بھی شامل ہے۔اجلاس کے شرکاء کو مذید بتایا گیا کہ حلقہ نیابت میں محکمہ آبنوشی کے زیر اہتمام تقریباً ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے پینے کی صاف پانی کی فراہمی کے مختلف منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔جس سے تحصیل مٹہ سوات کے عوام کو پینے کیلئے صاف پانی فراہم ہوگا۔صوبائی وزیر محمود خان نے حلقہ پی کے84مٹہ سوات میں جاری منصوبوں پر تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی فلاح وبہبود کی منصوبوں کے مقرر مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں اور اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کا بھی خاص خیال رکھیں۔
Discussion about this post