سوات(زمونگ سوات ڈاٹ کام )پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر اورصوبائی وزیرکھیل ‘ثقافت‘اثارقدیمہ اور امورنوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبے کی عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سب سے بڑی تبدیلی یہ آئی ہے کہ اب کسی کو ایس ایم ایس نہیں ہوتا‘نوکریاں نہیں بکتیں اور نہ ہی اپنوں کو نوازا جاتا ہے بلکہ ایک شفاف نظام اور میرٹ کی پالیسی کے تحت ہوتے ہیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے یونین کونسل چپریال مٹہ سوات میں ایک عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر تحصیل مٹہ سوات کے ناظم عبد اللہ خان‘تحصیل نائب ناظم محمد حکیم خان‘ضلعی کونسلر بہاد رخان‘تحصیل کونسلر عادل خان کے علاوہ عمائدین علاقہ اور عوام بھی کثیر تعدادمیں موجود تھے۔اجتماع کے دوران عوامی نیشنل پارٹی سے60سالوں سے وابستہ اہم شخصیات سید عظیم خان‘پرویز سپین دا‘امیر زرین خان‘محمد رسول خان‘سیف الملوک‘باز‘نثار‘فتح خان‘شرافت علی خان اور عبد الجبار نے اپنے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے مخلص قیادت اور علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے صوبائی وزیرمحمود خان کے ریکارڈ توڑترقیاتی منصوبوں سے متاثر ہوکر اے این پی کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور انشاء اللہ تاحیات محمود خان کے قیادت میں پی ٹی آئی کے مشن کو آگے بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔صوبائی وزیر محمود خان نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ملک کے تمام عوام پی ٹی آئی پر چم تلے متحد ہوکر عمران خان کے قیادت میں ملک سے کرپشن اور معاشرے سے ظلم نا انصافیوں کے خاتمے اور انصاف پر مبنی اسلامی معاشرے کے قیام کیلئے جدوجہد کریں۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے گزشتہ ادوار میں سرکاری افسران واہلکاران خوانین اور حکمرانوں کے حجروں میں پہلے اور دفاتر میں بعد میں حاضری دیتے تھے مگر موجودہ صوبائی حکومت ان فرسودہ روایات کا خاتمہ کرکے اداروں کا وقار بحال کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب روشنی نہ دینے والے لالٹینوں کا دور گزر چکا ہے اور عوام میں سیاسی شعوربیدار ہوچکا ہے ۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ پختونوں کے حقوق کے عالمبرداروں نے عوام سے پختونوں کے حقوق کے نام پر ووٹ حاصل کرکے پختونوں کے حقوق کے حصول کے بجائے اپنے عیاشیوں اور ملیشیاء ‘دوبئی اور دیگر یورپی ممالک میں بینک بیلنس میں مصروف رہے ۔ انہوں نے مذید کہاکہ اب لوگوں کو اسلام کے نام پر دھوکہ نہیں دیا جاسکتا ہے یہ لوگ اسلام نہیں بلکہ اسلام آباد چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے انتخابات کے دوران علاقے کے عوام سے صرف دو وعدے کئے تھے ایک مٹہ سے فاضل بانڈہ تک سڑک کی تعمیر اور دوسرا بجلی کی فیڈر کا تھااورآج اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مٹہ سے فاضل بانڈہ روڈ کو 65کروڑ روپے کے لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور اسی طرح مٹہ فیڈر2کی تنصیب بھی کی گئی ہے ۔انہوں نے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ اربوں روپے کی لاگت سے مختلف منصوبوں ‘سڑکوں‘پلوں‘طبی و تعلیمی اداروں کی تعمیر ومرمت ‘پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی ‘آبپاشی اور زراعت کے ترقی کیلئے ایریگیشن چینل‘بجلی وغیرہ کے منصوبے شامل ہیں ان سے حلقے میں سابقہ محرومیوں کا آزالہ ہونے کے ساتھ ساتھ خوشحالی اور ترقی کا نیاباب برپا ہوگا۔انہوں نے علاقے کے عوام سے کہا کہ وہ آپس میں باہمی اختلافات بالائے طاق رکھ کر من حیث القوم کے حثیت سے پی ٹی آئی کے حکومت کے ساتھ دیں ۔انہوں نے سپاس نامے میں پیش کئے گئے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے علاقے کیلئے ایک ٹیوب ویل‘گرلز ہائی سکول کی منظوری‘ایک ٹرانسفارمر اور کھمبوں کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔
Discussion about this post