سوات (زمونگ سوات ڈاٹ کام) اپوزیشن لیڈر اور پی پی پی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سوات کی عوام اور پی پی پی قائدین کی قربانیوں کی بدولت سوات سے پاکستان کا جھنڈا اترنے نہیں دیاگیا، پاکستان پیپلز پارٹی فاٹا انضمام کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے وہاں کی لوگوں کو درپیش مسائل حل کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ پختونوں نے پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ، فیڈریشن کی مضبوطی کے لئے یہاں رہنے والی تمام اقوام کی یکساں حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے مطالبات کو ماننا ضروری ہے ۔ عمران خان ایک ادارے پر تنقید کرکے ناانصافی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سوات دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،سید خورشید شاہ نے کہا کہ جب 2009 میں سوات کے حالات کشیدہ ہوئے تو ہماری حکومت نے تین ماہ کے اندر اندر تاریخ کی سب سے بڑی نقل مکانی کرنے والے سوات کی لوگوں کو دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے اپنے گھروں میں دوبارہ لاکر آباد کیا لیکن اس کے مقابلے میں جب 2013 میں بننے والی حکومت کے دوران وزیرستان سے لوگ نقل مکانی پر مجبورہوئے تو وہ تاحال ملک کے مختلف علاقوں میں در بدر پھر رہے ہیں ،پی پی پی دور میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے اس کی نظیر نہیں ملتی ۔محترمہ بے نظیر نے بھی اپنے آخری خطاب میں بھی سوات کی ترقی اور یہاں پاکستانی جھنڈے کی حفاظت کی بات کی تھی۔ ملکی سیاست کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارکنان انتخابات کی تیاری کریں پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات ملتوی کرنے کی حامی نہیں انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں ، نگران وزیراعظم کے نام پر ابھی کوئی اتفاق نہیں ہوا ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی نے ابھی تک کسی بھی پارٹی سے انتخابی اتحاد کافیصلہ نہیں کیا ہے تاہم آئندہ کا لائحہ عمل قائدین کی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔نیب کے کردار کے حوالے سے گفتکو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ نیب اپنی کارروائی کو شفاف رکھتے ہوئے جن پر الزامات ہیں سب کے خلاف انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کی کوشش کرے۔